12

ایران میں عدم استحکام پاکستان کی سلامتی کیلئے تباہ کن ہوگا: شاہ محمود قریشی

برسلز (نیوز ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ایران میں عدم استحکام پاکستان کیلئے تباہ کن ہوگا، ایران امریکہ صورتحال عالمی امن کیلئے سنگین خطرہ بنتی جا رہی ہے۔ پاکستان نے افغانستان میں امن کیلئے امریکہ اور طالبان کے مذاکرات میں سہولت کاری کی۔

نجی ٹی وی کے مطابق وزیر خارجہ نے یورپی یونین کی سیاسی اور سلامتی کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو امریکہ اور ایران کی موجودہ صورتحال پر تشویش ہے۔ امریکہ لڑاکا طیارہ بردار بیڑے کا خلیج فارس میں آنا امن کیلئے خطرہ ہے۔ امریکہ نے ایران پر حملہ کیا تو افغان امن عمل پر بھی تباہ کن اثرات مرتب ہوں گے۔

انہوں نے خبر دار کیا کہ امریکہ اور ایران کی صورتحال عالمی اور علاقائی امن کیلئے سنگین خطرہ بنتی جا رہی ہے۔ ایران میں عدم استحکام کے پاکستانی سلامتی پر بھی تباہ کن اثرات مرتب ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ یورپی یونین نہ صرف ہمارا روایتی حلیف ہے بلکہ معاشی شراکت دار بھی ہے۔ ہمارا تعاون جمہوریت، کثیر شراکتی، باہمی ہم آہنگی اور احترام کی مشترک اقدار پر مبنی ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان میں امن کیلئے امریکہ اور طالبان کے مذاکرات میں سہولت کاری کی۔ افغانستان کے مستقبل کا خاکہ تیار کرتے ہوئے چار نکات کو نظر انداز نہ کیا جائے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں دہشتگردی میں بھارت کے ملوث ہونے کے سنجیدہ امور ہمارے علم میں ہیں۔ پاکستان اور بھارت میں ہتھیاروں کا بڑھتا عدم توازن علاقائی تذویراتی استحکام خطرے میں ڈال رہا ہے۔ بعض ممالک کی جانب سے حساس ٹیکنالوجی بھارت کو دیکر امتیازی سلوک کیا گیا ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں