کوئٹہ + لورالائی (مانیٹرنگ ڈیسک) صوبہ بلوچستان کے ضلع لورالائی میں پولیس نے دہشتگردی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک حملہ آور کو ہلاک کردیا جبکہ 2 خودکش بمباروں نے خود کو دھماکے سے اڑالیا، تاہم اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا جبکہ اے ایس پی سمیت 5 اہلکار زخمی ہوگئے۔ حملے کی ذمہ داری کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے قبول کرلی۔
تفصیلات کے مطابق آج صبح آٹھ بجے کے قریب تین دہشتگردوں نے لورالائی پولیس لائن میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ ایک خودکش بمبار نے خود کو پولیس لائن کے داخلی گیٹ پر ہی دھماکے سے اڑا دیا دوسرے بمبار نے اندر داخل ہونے کے بعد دھماکا کر دیا جبکہ تیسرے خودکش بمبار کو پھٹنے سے پہلے ہی ہلاک کر دیا گیا۔ دہشتگردوں کے خودکش دھماکوں سے ایک پولیس اہلکار شہید ہو گیا۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق دہشت گرد پولیس لائنز کے مرکزی دروازے سے داخل ہوئے، تاہم وہاں موجود ایک دہشتگرد کو فائرنگ کرکے ہلاک کیا گیا۔
دریں اثنا دوسرے دہشت گرد نے پولیس لائنز میں داخل ہو کر خود کو دھماکے سے اڑا لیا جبکہ ان دونوں کے مارے جانے کے بعد ایک اور دہشت گرد نے خود کو مین گیٹ پر دھماکے سے اڑایا۔
حملے کے دوران دھماکے کی بھی آوازسنی گئی۔ پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں متعدد دہشت گردوں کے داخلے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔
واقعے میں ایک اہلکار حوالدار اللہ نواز شہید ہوئے جبکہ اے ایس پی لورالائی عطاالرحمان اور ایک خاتون سمیت 4 اہلکار زخمی بھی ہوئے جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
انسپکٹر جنرل (آئی جی) بلوچستان پولیس محسن حسن بٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دہشت گردوں نے پولیس لائنز پر اس وقت حملہ کیا جب اہلکارو اپنی محکمانہ ترقی کے لیے امتحان میں مصروف تھے، تاہم ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکاروں کی بروقت کارروائی سے یہ حملہ پسپا ہوا۔
پولیس نے پولیس لائن جانے والے راستے سیل کردئیے۔ پولیس لائن میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کے ساتھ جوانوں کی مزید نفری طلب کرلی گئی ہے اس کے علاوہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار بھی پہنچ گئے۔
واقعے کے بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تلاشی کا عمل شروع کیا۔ تاہم سرچ آپریشن مکمل ہونے کے بعد اسے کلیئر قرار دے دیا۔
دوسری جانب پاکستان تحریک طالبان کے ترجمان محمد خراسانی کی طرف سے میڈیا کیلئے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ آج صبح تقریباً آٹھ بجے کے قریب تحریک طالبان پاکستان کے ٹی ایس جی گروپ سے تعلق رکھنے والے جنگجوؤں نے لورالائی پولیس لائن پر حملہ کیا۔
Tehrik-e-Taliban Pakistan (TTP) officially claims the attack in Loralai, Balochistan. #Pakistan
— FJ (@Natsecjeff) June 26, 2019
خیال رہے کہ رواں برس کے آغاز میں دہشت گردوں نے ایف سی ٹریننگ سینٹر پر حملہ کردیا تھا، جس کے نتیجے میں 4 اہلکار شہید ہوگئے تھے۔