اسلام آباد (نیوز ڈیسک) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ علی وزیر اور محسن داوڑ کے پروڈکشن آرڈر فوری جاری کئے جائیں، پروڈکشن آرڈر نہ نکلے تو برا پیغام جائے گا۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میں نئے پاکستان اور پی ٹی آئی پر بہت تنقید کرتا ہوں لیکن میں سمجھتا ہوں نیا پاکستان میں بھی اسپیکر کا کردار بہت اہم ہے، ہم سب اس ایوان کے رکن ہیں، آپ کل یہاں ہم وہاں ہوں گے۔
انھوں نے پی ٹی آئی اراکین سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ پروڈکشن آرڈر جاری کئے جانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
بعد ازاں پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دہشت گرد کا پروڈکشن آرڈر نکل سکتا ہے اور مشرف کو ووٹ مل سکتا ہے، تو ان کو کیا مسئلہ ہے، جب جمہوری قیادت جیلوں میں ہوگی تو دہشتگردی فروغ پائے گی، سردار اختر مینگل کے اصولی پوائنٹ حکومت نے تسلیم نہ کیے تو وہ بجٹ ووٹ نہیں دیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے لورالائی میں دہشتگردی واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جب کالعدم تنظیموں والے وزیر ہوں گے تو دہشت گردی کیسے ختم ہوگی، کوئی نہیں مانے گا نیا پاکستان دہشت گردی کے خلاف سنجیدہ ہے۔