اسلام آباد (ڈیلی اردو) اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے گھریلو صارفین کیلئے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے دی۔
مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں ای سی سی نے گیس کے گھریلو صارفین کے لئے قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے دی۔
گھریلو صارفین کے لیے گیس 190 فیصد تک مہنگی ہوگی جبکہ نئی قیمتوں کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا۔
اس کے علاوہ دیگر تمام کیٹیگریز کے لیے گیس کی قیمتوں میں31 فیصد سے زیادہ اضافے کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔
ای سی سی میں پیش کی گئی سمری میں ماہانہ 285 روپے بل ادا کرنے والے صارفین کے بل میں 137 روپے اضافے اور پانچ سو بہتر روپے ماہانہ گیس کا بِل ادا کرنے والے صارفین کے بل میں 637 روپے اضافے کی تجویز دی گئی۔
ایسے صارفین جن کا ماہانہ بل 2305 روپے آتا ہے اب ان کا بل 4900 روپے ہو جائے گا۔ جب کہ 3579 روپے ماہانہ بل ادا کرنے والے صارفین کو اب 4406 روپے اضافے کے ساتھ 7995 روپے ماہانہ گیس کا بل ادا کرنا پڑے گا ۔
13508 روپے ماہانہ والے صارفین کے لیے 865 روپے اضافہ جب کہ 31573 روہے ادا کرنے والے صارفین کا گیس بل اب 6039 روپے کمی کے ساتھ 25 ہزار 5 سو 34 روہے ہوجائے گا ۔
گیس کی قیمتوں میں اضافے سے صارفین پر 500 ارب روپے کا بوجھ پڑ سکتا ہے۔
اوگرا نے چند روز قبل گھریلو صارفین کے لیے گیس کے نرخوں میں دو سو چار فیصد تک اضافے کا فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوایا تھا۔
گیس کی قیمتوں میں اضافہ آئی ایم ایف کی شرائط میں شامل تھا، گیس کی قیمتوں میں اضافے سے حکومت کو 500 ارب روپے سے زیادہ ریونیو حاصل ہوگا۔ حکومت دسمبر میں گیس کی قیمتوں کا دوبارہ جائزہ لے گی.
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کی موجودہ حکومت گیس کی قیمتیں 145 فیصد پہلے ہی بڑھا چکی ہے۔