بغداد (ڈیلی اردو) عراقی صدر برہم صالح نے کہا ہے کہ وہ امریکہ کو ایران کے خلاف حملہ کے لئے اپنی زمین استعمال کرنے کی اجازت ہرگز نہیں دے گا۔
تفصیلات کے مطابق عراقی صدر برہم صالح نے کہا ہے کہ وہ امریکہ کو ایران کے خلاف حملہ کے لئے اپنی زمین استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔ صدر برہم صالح نے سی این این کو دیئے انٹرویو میں کہا ’’ہم ایران سمیت کسی بھی پڑوسی ملک کے خلاف حملہ کے لئے اپنے علاقے کا استعمال نہیں ہونے دیں گے۔ یہ فیصلہ عراق اور امریکہ کے درمیان ہونے والے معاہدے کا حصہ نہیں ہے‘‘۔
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اس سال فروری میں ایک چینل کو دیئے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ امریکہ، ایران پر نگرانی کے لیے عراق میں اپنے فوجیوں کی موجودگی بنائے ہوئے ہے۔
امریکی صدر کے اس بیان کے بعد عراقی پارلیمنٹ کے ڈپٹی اسپیکر حسن كابي نے کہا تھا کہ پارلیمنٹ امریکہ کے ساتھ ہونے والے سیکورٹی معاہدے کو ختم کرنے کے لئے بل لانے پر غور کر رہی ہے جس سے ملک سے تمام غیر ملکی فوجیوں کی واپسی کا راستہ صاف ہو جائے گا۔