اسلام آباد (ڈیلی اردو) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے افغان صدر کے دورہ پاکستان میں ہونے والی پیشرفت سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ طور خم بارڈر چوبیس گھنٹے کھلا رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ افغانستان میں امن و استحکام سے پاکستان اور خطے کی ترقی و خوشحالی جڑی ہے۔
افغان صدر ڈاکٹر اشرف غنی 2 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچے تو نور خان ایئربیس پر ان کا استقبال وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد نے کیا۔
افغان صدر کے دورہ پاکستان کے دوران وزیراعظم عمران خان سے ون آن ون ملاقات ہوئی جس میں خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور قیام امن سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بعد ازاں وزیر خارجہ نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے افغان صدر کے دورہ پاکستان میں ہونے والی پیش رفت سے متعلق آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور افغانستان نے ساتھ مل کر چلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعلقات کے فروغ پر اتفاق ہوا ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پاک افغان تعلقات کے فروغ کیلئے رابطے بڑھانا ہوں گے۔ افغانستان میں امن و استحکام سے پاکستان اور خطے کی ترقی و خوشحالی جڑی ہے۔
افغان صدر نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور بلاول بھٹو سے بھی ملاقات کی۔ شہباز شریف سے ملاقات کے موقع پر افغان صدر نے بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر تعزیت کی۔ اشرف غنی نے مسلم لیگ (ن) کے منصوبوں کی تعریف کی اور کہا کہ نوازشریف نے خطے کے امن و سلامتی میں اہم کردار ادا کیا۔