پاراچنار (محمد صادق) خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع کرم کے سو قبائلی عمائدین کے جرگہ نے سات امیدواروں میں سے عنایت علی طوری کو پی کے 109 سے الیکشن کیلئے نامزد کردیا، فیصلے کے بعد چھ امیدوار عنایت علی کے حق میں دستبردار، عنایت علی نے انتخابی مہم کا آغاز کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ضلع کرم کے پی کے 109 سے قبائلی عمائدین کے سو رکنی جرگہ سات امیدواروں میں سے ایک امیدوار میدان میں لانے کے لئے رائے شماری کی جس میں 82 عمائدین میں سے 77 نے عنایت حسین کے حق میں ووٹ دیا جس کے بعد باقی امیدوار عنایت علی کے حق میں دستبردار ہوگئے۔
آزاد امیدوار عنایت علی طوری نے ملانہ زیارت سے اپنے مہم کا آغاز کیا اس موقع پر عنایت طوری کا کہنا تھا کہ طوری بنگش قبائل نے ان پر جو اعتماد کیا ہے انشاء اللہ وہ عوامی توقعات پر پورا اتریں گے کامیاب ہو کر علاقے کی اجتماعی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔
اس موقع پر انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے قبائلی رہنما حاجی حامد حسین، کیپٹن ر حاجی یوسف حسین، جلال حسین، حاجی ضامن علی، محمد علی شاہ اور دیگر قبائلی عمائدین نے عنایت علی طوری کی حمایت کا اعلان کیا اور کہا کہ وہ ووٹ دینے کے ساتھ ساتھ باقاعدہ طور پر ان کیلئے انتخابی کمپین بھی چلائیں گے۔ انتخابی جلسے کے بعد عنایت علی طوری ہزاروں کارکنوں کے ہمراہ گاڑیوں کی جلوس میں علامہ محمد نواز عرفانی کی مزار تک گئے۔