لبنان: وزیر مملکت صالح الغارب قاتلانہ حملے میں بال بال بچ گئے، 2 محافظ جاں بحق

بیروت (نیوز ڈیسک) لبنان کے وزیر مملکت برائے پناہ گزین کے قافلے پر قاتلانہ حملہ کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں 2 محافظ جاں بحق ہوگئے اور ایک زخمی ہو گیا جبکہ وزیر معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق لبنان کے وزیر مملکت برائے پناہ گزین بیروت کے پہاڑی علاقے میں پناہ گزین کیمپ کے دورے کے لیے جارہے تھے کہ اچانک مسلح افراد نے ان کے قافلے پر دھاوا بول دیا، حملہ آوروں اور محافظوں کے درمیان دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں 2 محافظ جاں بحق ہوگئے اور ایک زخمی ہوگیا۔

وزیر مملکت صالح الغارب قاتلانہ حملے میں محفوظ رہے تاہم انہیں اپنا دورہ ملتوی کرکے واپس لوٹنا پڑا اور مقامی ٹیلی وژن چینل کو انٹرویو میں واقعے کی مکمل تفصیلات بیان کیں۔ صالح الغارب حزب اللہ کے اتحادی حکومت کا حصہ اور شام کے صدر بشارالاسد کے حامی سمجھے جاتے ہیں۔

دوسری جانب لبنان کی مقامی اپوزیشن جماعت پروگریسیو سوشلسٹ پارٹی (PSP)نے دعوی کیا ہے کہ بیروت کے جنوب مشرقی علاقے میں وزیر مملکت کے دورے کو روکنے کے لیے سڑک پر رکاوٹیں کھڑی کرکے حکومتی پالیسی کیخلاف احتجاج کر رہے تھے کہ وزیر کے محافظوں نے فائرنگ کردی جس سے ایک کارکن شدید زخمی ہوگیا۔

واضح رہے کہ اپوزیشن جماعت PSP لبنان کی شام میں بشارالاسد کی حکومت کی حمایت کے سخت مخالف ہے اور چند دنوں سے لبنانی حکومت اور پروگریسیو سوشلسٹ پارٹی کے کارکنان کے درمیان تصادم میں اضافہ ہوا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں