20

لندن میں طیارے سے ایک شخص گر کر ہلاک ہو گیا

لندن (نیوز ڈیسک) جنوبی لندن میں طیارے کے لینڈنگ گیئر میں چھپا شخص گر کر ہلاک ہوگیا۔ ہلاک ہونے والا شخص غیر قانونی طریقے سے سفر کر رہا تھا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق لندن کے جنوبی علاقے میں گھر کے باہر سے نامعلوم شخص کی لاش ملی۔ تفتیش میں پتا چلا کہ گھر کے آنگن میں یہ لاش اچانک آسمان سے آ گری۔ مقام افراد نے پولیس کو اطلاع دی اور قریب لگے کیمروں سے بھی مدد لی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک شخص نیروبی سے لندن آنے والی فلائٹ کو ایپ کے ذریعے بھی مانیٹر کر رہا کہ اسی دوران اس نے طیارے سے کوئی بڑی چیز گرتے دیکھی اور یہ وہ ہی وقت تھا کہ جب اس شخص کے گھر میں وہ لاش گری۔

عینی شاہد نے نام نہ بتانے کی شرط پر میڈیا سے گفت گو میں بتایا کہ میرے پڑوس میں ایک شخص اپنے گارڈن میں سن باتھ لے رہا تھا کہ اچانک لاش اس کے برابر آکر گری۔ میں نے کسی زور دار چیز کی اونچائی سے گرنے کی آواز سنی تو گھبرا کر گھر سے باہر آکر دیکھا تو ایک شخص کی خون آلودہ لاش پڑی تھی۔ لاش پر کپڑے جوتے وغیرہ سب موجود تھے۔

پولیس کے مطابق مرنے والا شخص لندن کے مضافات سے گزرنے والی کینیا ایئر ویز کی پرواز کے لینڈنگ گیئر میں چھپا تھا، جو غیر قانونی طریقے سے برطانیہ آنا چاہتا تھا، تاہم زندگی نے اسے مہلت نہ دی اور یہ شخص طیارہ انتہائی بلندی پر ہونے کے باعث دوران پرواز ہی لینڈنگ گیئر میں جم گیا۔ پولیس کے مطابق مذکورہ طیارے کے لینڈنگ گیئر سے بستہ، پانی کی بوتل اور کچھ ہلکا پھلکا کھانے کا سامان برآمد کیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق یہ کوئی مشکوک شخص نہیں، بلکہ غیر قانونی طور پر برطانیہ بسنے کیلئے آنا چاہتا تھا، لاش کو ضروری کارروائی کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، تاہم مرنے والے کی عمر فی الحال نہیں بتائی گئی۔

کینیا ایئرویز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ واقعہ میں کسی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ پرواز چھ ہزار آتھ سو چالیس کلو میٹر کی رفتار سے محو پرواز تھی، جس نے اپنا سفر آٹھ گھنٹوں اور پچاس منٹ میں مکمل کیا۔ پرواز نیروبی سے ہیتھرو ایئرپورٹ روانہ ہوئی۔

ایئرلائن کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ہم واقعہ پر ہلاک شخص کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہیں، جب کہ کینیا میں ہلاک شخص کے اہل خانہ کی تلاش کا کام بھی شروع کردیا گیا ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں