نیویارک (نیوز ڈیسک) اقوام متحدہ نے سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل کی تفتیش کے لیے کولمبیا یونیورسٹی کی اگنیس کیلامارڈ کی سربراہی میں عالمی ماہرین کی 3 رکنی ٹیم تشکیل دے دی جو اگلے ہفتے ترکی کا دورہ کرے گی۔
اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر کا کہنا تھا کہ عالمی ماہرین پر مشتمل ٹیم سعودی صحافی جمال خاشقجی قتل کی انکوائری کرے گی۔ٹیم کی سربراہ، ماورائے قانون سزاؤں سے متعلق اقوام متحدہ کی اسپیشل رپورٹر اور کولمبیا یونیورسٹی میں فرنچ اکیڈمک اور کولمبیا گلوبل فریڈم آف ایکسپریشن کی ڈائریکٹر اگنیس کیلامارڈ کا کہنا تھا کہ وہ اگلے ہفتے ترکی جائیں گی جس کا مقصد جمال خاشقجی قتل کی غیرجانب دار تفتیش ہے۔
اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر سے جاری اعلامیے کے مطابق اگنیس کیلامارڈ کے ساتھ تفتیشی ٹیم میں ہیلینا کینیڈی اور ڈوارٹے نونو ویئرا بھی ہوں گے۔تفتیشی ٹیم 28 جنوری سے 3 فروری تک ترکی کا دورہ کرے گی۔
اقوام متحدہ کی تفتیشی ٹیم میں شامل ہیلینا کینیڈی مشہور برطانوی وکیل ہیں اور ہاؤس آف لارڈز کی رکن بھی ہیں۔ٹیم کے تیسرے رکن نونو ویئرا پرتگال کی کوئیمبرا یونیورسٹی آف میڈیسن کے پروفیسر اور پیتھالوجی کے ماہر ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ ابیرو امریکن نیٹ ورک آف فارنزک میڈیسن اینڈ فارنزک سائنس انسٹیٹیوٹ کے صدر اور یورپین کنفڈریشن آف ایکسپرٹس کی تنظیم کے بھی صدر ہیں۔
خیال رہے کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ جمال خاشقجی قتل کی تفتیش شروع کرنے کی اتھارٹی ان کے پاس نہیں ہے اور کسی ملک کی جانب سے اس حوالے سے تفتیش کے لیے باقاعدہ درخواست بھی نہیں کی۔
واضح رہے کہ سعودی صحافی جمال خاشقجی کو گذشتہ سال اکتوبر میں ترک شہر استنبول میں واقع سعودی قونصل خانے میں قتل کر دیا گیا تھا۔