انقرہ ( نیوز ایجنسی/ مانیٹرنگ ڈیسک) روس نے جدید ریسکیو ہیلی کاپٹرز Ka-32A11BC کی پہلی کھیپ ترکی کے حوالے کردی۔
ترک میڈیا کے مطابق روس سے 3 عدد ریسکیو ہیلی کاپٹرز ترکی پہنچ گئے ہیں، ان ہیلی کاپٹرز کی خریداری کے لیے روس اور ترکی کے درمیان گزشتہ برس معاہدہ طے پایا تھا۔ دوسری کھیپ کے لیے دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات جاری ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ہیلی کاپٹرز تیار کرنے والی روسی کمپنی کے ڈائریکٹر جنرل ایندرے بوگنسکی کا کہنا ہے کہ یہ ہیلی کاپٹرز جنگی اور ہنگامی صورت حال میں امدادی کاموں کی انجام دہی کے لیے بہترین صلاحیت رکھتا ہے جو جدید آلات سے لیس ہے۔
دوسری جانب ترکی حکام کا کہنا ہے کہ جنگی ہیلی کاپٹروں کی پیداوار میں ترکی کامیاب تجربوں کا حامل ہے، تاہم مذکورہ روسی ہیلی کاپٹرز کو آگ بجھانے اور تلاش و بچاو کے علاوہ تعمیراتی کاموں میں بھی استعمال کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدہ صورت حال کے پیش نظر ترکی نے بھی دفاعی نظام کو مضبوط اور متحرک بنانے کے لیے روس سے ایس 400 میزائل سسٹم کی خریداری کا معاہدہ بھی کیا ہے جس پر امریکا ترکی سے نالاں بھی ہے۔