لیڈز (ویب ڈیسک) آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2019ء کے 42 ویں میچ میں ویسٹ انڈیز نے افغانستان کو 23 رنز سے ہرادیا۔
ایونٹ میں افغانستان کی ٹیم کوئی میچ نہیں جیت سکی، جبکہ ویسٹ انڈیز نے دو میچ جیتے اور ایک بارش کی نذر ہوا۔
لیڈز میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 311 رنز بنائے جواب میں افغانستان کی ٹیم 288 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
افغانستان کی طرف سے اکرام علی خیل نے 86، رحمت شاہ نے 62 اور اصغرافغان نے 40 رنز کی اننگز کھیلی۔
ویسٹ انڈیز کے سب سے کامیاب بولر بریتھویٹ رہے، انہوں نے 63 رنز دے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، روچ نے 3 جبکہ تھامس اور گیل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
ویسٹ انڈیز کی ٹاس جیت کر بیٹنگ
اس سے قبل ویسٹ انڈیز کے کپتان جیسن ہولڈر نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
کرس گیل اس بار پھر لمبی اننگز نہ کھیل سکے اور 18 گیندوں پر صرف 7 رنز بناکر دولت زدران کی گیند پر وکٹ کیپر اکرام علی خیل کو کیچ دے بیٹھے۔
کرس گیل کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد شائی ہوپ میدان میں اُترے اور ایوین لوئس کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ کی شراکت میں 88 رنز بنائے۔
اس موقع پر لوئس 58 رنز بناکر راشد خان کی گیند پر محمد نبی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
نئے آنے والے بیٹسمین شمرون ہٹمائر نے شائی ہوپ کا بھرپور ساتھ دیا اور تیسری وکٹ کے لئے 65 رنز بناکر ٹیم کا اسکور 174 تک پہنچادیا، شائی ہوپ 77 رنز بناکر ہمت ہار گئے اور محمد نبی کی گیند پر راشد خان کو کیچ دے بیھٹے۔
نکولس پورن 43 گیندوں پر 58 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر پویلین لوٹے جبکہ کپتان جیسن ہولڈر دھواں دار 45 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
یوں ویسٹ انڈیز نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 311 رنز بنائے۔
افغانستان کی جانب سے دولت زدران نے دو، جبکہ سعید شِیرزادہ، محمد نبی اور راشد خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
ورلڈ کپ 2019 کے سیمی فائنل کے لیے آسٹریلیا، بھارت، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ اپنی جگہ بنا چکے ہیں۔ پاکستان اگر اپنے آخری میچ میں بنگلہ دیش کو بڑے مارجن سے شکست دیدے تو اس کا سیمی فائنل میں جانے کا امکان ایک بار پھر روشن ہوسکتا ہے۔
ورلڈ کپ 2019 کا فائنل 14 جولائی کو کھیلا جائے گا