مصر (ڈیلی اردو) شام کو تیل فراہم کرنے والا ایرانی آئل ٹینکر ضبط کر لیا گیا ہے۔ جبرالٹر حکومت کے مطابق ٹینکر پابندیوں کے باوجود شام تیل لے جارہا تھا۔
برطانوی علاقے میں شاہی بحریہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے عملے نے آئل ٹینکر کا کنڑول سنبھال لیا۔ جبرالٹر حکومت نے ایک بیان میں کہا کہ ان کے پاس قابل یقین معلومات ہیں کہ گریس ون نام کا آئل ٹینکر پر خام تیل لدا ہوا تھا اور اسے شام میں بانیاس آئل ریفائنری لے جایا جا رہا تھا۔
جبرالٹر کے وزیر اعلیٰ فیبئین پیکارڈو کے مطابق انہیں یقین ہے کہ گریس ون شامی آئل ریفائنری کیلئے خام تیل لے کر جا رہا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ بیاناس آئل ریفائنری شامی عناصر کی ملکیت ہے اور ان پر یورپی یونین نے پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی نے کہا ہے کہ آبنائے جبل الطارق میں برطانوی بحریہ کے ذریعے ایران کے ایک آئیل ٹینکر کو غیر قانونی طریقے سے روک لئے جانے کے اقدام کے بعد تہران میں برطانوی سفیر کو وزارت خارجہ میں طلب کر لیا۔