افغانستان: طالبان کا فاریاب میں مارکیٹ پر حملہ، بچوں سمیت 53 شہری شہید، 104 طالبان ہلاک

کابل + فاریاب (ڈیلی اردو/ نیوز ایجنسی) افغان حکام کا کہنا تھا کہ افغانستان کے شمالی صوبے فاریاب میں قائم ایک مارکیٹ میں طالبان کی جانب سے مارٹر گولے فائر کیے گئے جس کے نتیجے میں 53 شہری شہید اور بچوں سمیت 50 سے زائد افراد زخمی ہوگئے، جبکہ افغان سیکیورٹی فورسز کے مختلف صوبوں میں آپریشن کے دوران 104 طالبان کو ہلاک کردیا۔

تفصیلات کے مطابق شمالی صوبے فاریاب میں ایک مارکیٹ میں طالبان کی جانب سے مارٹر گولے فائر کیے گئے جس کے نتیجے میں 53 شہری شہید اور بچوں سمیت 50 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ صوبے کے پولیس سربراہ کے ترجمان عبدالکریم یورش کا کہنا تھا کہ ‘جمعے کے روز خواجہ سبز پوش ضلعے میں سیکیورٹی پوسٹ کے نزدیک طالبان نے حملہ کیا۔

طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ گولیوں کے تبادلے کے دوران مارٹر گولے حکومت کی جانب سے فائر کیے گئے تھے۔

دریں اثنا مغربی فرح، ہرات صوبے میں طالبان کے علیحدہ حملے میں 18 افغان سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے۔

علاوہ ازیں صوبہ قندھار کے ضلع دیر شب ماوند میں طالبان اور فورسزکے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں6 سکیورٹی اہلکار شہید اور چار زخمی ہو گئے۔ ضلع پولیس کے سربراہ حاجی لالہ نے بتایا کہ طالبان دہشت گردوں کے ایک گروہ نے دیر شب میوندضلع کے میوند بازار میں سکیورٹی چوکی پر فائرنگ شروع کر دی۔ جس کے نتیجے میں 6 اہلکار شہید ہو گئے۔

افغان نیوز ایجنسی خامہ پریس کے مطابق صوبہ قندہار کے ضلع میوند، جگڑه اور معروف میں افغان سیکیورٹی فورسز کے فضائی اور زمینی حملوں میں 42 طالبان مارے گئے اور 25 زخمی ہوگئے ہیں۔ قندہار پولیس چیف جنرل تادین خان اچکزئی نے نیوز ایجنسی کو بتایا کہ طالبان نے ضلع معروف میں حملہ کر دیا جیسے افغان فضائیہ نے ناکام بنادیا۔ حملے میں 42 طالبان مارے گئے جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

فرح صوبے میں فضائی حملے میں 8 طالبان ہلاک اور 5 زخمی ہوئے ہیں۔ سیکیورٹی فورسز نے زابل صوبے میں 10 طالبان کو ہلاک کردیا۔

ادھر افغان صوبے غزنی میں افغان سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں دو اہم کمانڈروں سمیت 11 طالبان دہشت گرد مارے گئے۔ افغان سیکیورٹی فورسز کے مطابق طالبان کے خلاف کارروائی ضلع جغتو اور خواجه عمری کے علاقوں میں کی گئی۔
ہلاک طالبان کمانڈروں کی شاخت عبدالخالق رف ابو محمد اور ملا منیر کے نام سے ہوئی۔

صوبہ تخار میں افغان اسپیشل فورسز کی کارروائی میں طالبان ریڈ یونٹ کے کمانڈر مولوی عزیر سمیت 27 طالبان ہلاک ہو گئے۔ ہرات صوبے میں ایک فضائی حملے میں 2 طالبان ہلاک ہوگئے۔

کاپسا اور وردگ صوبے میں 4 طالبان دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ سیکورٹی فورسز نے بارودی سرنگیں اور بارودی سے بھری ہوئی گاڑی کو تباہ کردیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں