اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے پریس کانفرنس میں مریم نواز کی جانب سے پیش کردہ آڈیو ویڈیو ٹیپ کے حوالے سے کہا ہے کہ اس ٹیپ کا فرانزک آڈٹ کرایا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی مشیر اطلاعات نے کہا ہے کہ ن لیگ کی ڈوبتی کشتی کو سہارا دینے کے لیے مریم صفدر نے ٹیپ کا سہارا لیا، ویڈیو کو دیکھا جائے گا کہ کیا وہ اصلی ہے یا ٹیمپرڈ، اس ٹیپ کی فرانزک کے بعد سب سامنے آ جائے گا۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ٹیپ کو لے کر مریم صفدر نے آج بھونڈی کوشش کی ہے، ایک قابل عزت ادارے کو داغ دار کرنے کی کوشش کی ہے، مریم صفدر آڈیو ٹیپ کو میڈیا کو بیچنا چاہتی تھیں، جس کے بارے میں ٹیپ ہے اس سے پوچھے بغیر بات چیت کو ٹیپ کرنا غیر قانونی ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ ویڈیو میں جج ارشد ملک اور مختلف اداروں کی باتوں کو دیکھا جائے گا، ٹیپ کی فرانزک کے بعد سب سامنے آ جائے گا، حکومت قوم سے کوئی چیز نہیں چھپائے گی، ہماری حکومت میں غنڈوں نے سپریم کورٹ کے ججز کو بھاگنے پر مجبور نہیں کیا، ججز کی کرسیاں توڑنے والی جماعت آج ٹیپ کا ذکر کر رہی ہے، یہ ٹیپ عدالتوں میں لے جائیں اور اپنی بے گناہی ثابت کر دیں۔
مشیر اطلاعات نے کہا کہ اداروں کو کم زور کرنے کے لیے خود کش حملہ کرنا ٹھیک نہیں، آپ نے ملک کی جوڈیشری پر انگلیاں اٹھا دی ہیں، یہ پاکستان کے ساتھ حسد اور بغض ہے، مریم نواز کی آج کی گفتگو کی مذمت کرتے ہیں، محترمہ اپنے ضمیر کی عدالت کی مجرم ہیں۔
مبینہ ویڈیو آڈیو ٹیپ میں جج کے ساتھ نظر آنے والے ناصر بٹ کے حوالے سے انہوں نے دعویٰ کیا کہ ناصر بٹ مشہور زمانہ قاتل، مفرور اور غنڈہ گینگ کا سرغنہ ہے، وہ 5 قتل کے بعد 302 کے مقدمہ میں فرار ہوا تھا، مفرور قاتل، مافیا اور منشیات فروشوں کا نیٹ ورک تھا جس نے سیاست کو ڈھال بنایا۔
ان کا کہنا تھا کہ 20 سال ناصر بٹ لندن میں مفرور رہا اور ظلِ سبحانی کے گارڈ کے فرائض انجام دیتا رہا، راج کماری نے ظلِ سبحانی کے باڈی گارڈ کے کردار کو بے نقاب کردیا۔
فردوس عاشق کے مطابق شہبازشریف کے داماد علی عمران اور صاحبزادے ملک سے باہر ہیں، شہبازشریف اپنے داماد اور صاحبزادے کو عدالت میں پیش کرکے بے گناہی ثابت کریں، جب پوچھا جاتا ہے کہ کئی کروڑ ڈالر آئے کیسے اور باہر کیسے گئے تو کہتے ہیں پتا نہیں۔
فردوس عاشق نے کہا کہ اگر کوئی ٹھوس شواہد ہیں تو میڈیا کی بجائےعدالت میں ثبوت لے جائیں، توقع کرتی ہوں آپ قانون کی عدالت میں جائیں گی اور ریلیف لیں گی۔
مشیر اطلاعات نے یہ بھی کہا کہ شبر زیدی سے کہا تھا جب مریض آتا ہے تو اس کی بیماری دیکھ کر گولی تجویز کی جاتی ہے، پھر انجیکشن کی طرف جاتے ہیں، آپ نے تو مریض دیکھتے ہی ڈائریکٹ 10 سی سی انجکشن لگا دیا جس سے ری ایکشن ہو گیا ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ مریم نواز نے جس ویڈیو کو پیش کیا ہے اس ویڈیو کو ٹمپر کرنیوالے گروہ کا سرغنہ ناصر بٹ 5 قتلوں کے بعد 20 سال مفرور رہا، لندن میں نواز شریف کا باڈی گارڈ رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ ناصر بٹ مشہور زمانہ قاتل، مفرور اور منشیات فروش ہے، آپ کا بااعتماد شخص لندن میں گرفتار ہوچکا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ ہو سکتا ہے، نا صر بٹ آپ کا بریف کیسے لیکر گیا ہو، اس طرح کی ویڈیو غیر قانونی ہے۔
یاد رہے کہ مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت نے پریس کانفرنس کی ہے جس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف احتساب عدالت کے جج کے فیصلے کی مبینہ آڈیو ویڈیو ٹیپ منظر عام پر لائی گئی ہے۔
مریم نواز نے الزام لگایا ہے کہ نوازشریف کے خلاف فیصلہ دینے والے جج کو بلیک میل کیا گیا، مبینہ ویڈیو اور آڈیو ثبوت دکھاتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ سزا دینے والا خود بول اُٹھا ہے کہ نوازشریف کے ساتھ زیادتی اور ناانصافی ہوئی، جج نے خود بتایا کہ انہیں کسی جگہ بُلا کر اُن کی اخلاق سے گری ہوئی ذاتی ویڈیو دکھائی گئی۔جج نے کہا کہ بات نہ ماننے کا تو کوئی آپشن ہی نہیں تھا۔