لاہور (ڈیلی اردو) موٹاپے کا شکار صادق آباد کا نور الحسن انتقال کر گیا۔ نور الحسن کی چند روز قبل شالیمار ہسپتال میں سرجری کی گئی تھی، سرجری کے بعد 330 کلو وزنی نورالحسن شالیمار ہسپتال میں ہی زیر علاج تھے۔ صادق آباد کا رہائشی نورالحسن شالامار ہسپتال کی آئی سی یو میں زیر علاج تھا۔
یاد رہے نور الحسن کو 18 جون کو لاہور کے شالامار ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں دس روز تک ان کے مختلف ٹیسٹ کیے گئے، ان کے علاج کے لیے ڈاکٹرز کا ایک خصوصی میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا تھا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ نور الحسن دو گھنٹے تک آئی سی یو میں بے یارومدد گار پڑے رہے، پولیس کے آنے پر معاملات بحال تو ہوگئے بہت دیر ہوچکی تھی موٹاپے کا شکار نورالحسن دم توڑ چکے تھے، نور الحسن سرجری کے بعد آئی سی یو میں زیر علاج تھے۔
موٹاپے کے شکار نورالحسن کا چند روز قبل آپریشن کیا گیا تھا، نورالحسن کے اہل خانہ نے پوسٹ مارٹم کرانے سے انکار کر دیا ان کا کہنا تھا کہ میت آبائی علاقے صادق آباد منتقل کی جائے گی۔ لواحقین نے حکومت سے ایمبولینس کا مطالبہ کیا۔
دوسری جانب ڈاکٹر معاذ کے مطابق ہسپتال میں توڑ پھوڑ کی وجہ سے نور الحسن کی موت واقع ہوئی۔ لواحقین کی توڑ پھوڑ کے باعث ڈاکٹر اور عملہ خوف زدہ ہوکر بھاگ گیا، انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں مریض دو گھنٹے بے یارو مددگار پڑے رہے، نورالحسن سمیت ایک اور مریضہ جان کی بازی ہار چکے تھے، آئی سی یو میں ہنگامہ نورالحسن سمیت تین مریضوں کی جان لے گیا۔