ایون فیلڈ ریفرنس میں جعلی ٹرسٹ ڈیڈ کے معاملہ پر مریم نواز کو نوٹس جاری

اسلام آباد (ویب ڈیسک) اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس ریفرنس میں جعلی ٹرسٹ ڈیڈ جمع کروانے کے معاملہ پر نیب کی درخواست پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 19 جولائی کو ذاتی حیثیت میں  طلب کر لیا ہے۔

نیب کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز کی جانب سے پیش کی گئی ٹرسٹ ڈیڈ جعلی ثابت ہوئی۔ نیب کی جانب سے درخواست میں کہا گیا کہ فیصلہ میں ٹرسٹ ڈیڈ جعلی ثابت ہونے پر مریم نواز کا الگ ٹرائل ہونا چاہئے۔

واضح رہے کہ ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کیس  کی فرد جرم سے مریم نواز کے خلاف جعلی دستاویزات پیش کرنے کی سیکشن حذف کر دی گئی تھی اور کہا گیا تھا کہ اگر مقدمہ میں جعلی دستاویزات ثابت ہو گئیں تو پھر مریم نواز کے خلاف الگ ٹرائل ہو سکتا ہے۔

نیب نے جعلی دستاویزات کے کیس میں مریم نواز کے سمری ٹرائل کے لئے اسلام آباد کی احتساب عدالت میں الگ درخواست دائر کر دی جبکہ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نیب کی درخواست باقاعدہ سماعت کے لئے منظور کر لی اور 19 جولائی کو مریم نواز کو طلب کر لیا۔

نیب کی جانب سے جمع کروائی گئی درخواست میں کہا گیا  کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں احتساب عدالت قرار دے چکی ہے کہ مریم نواز کی جانب سے جمع کروائی گئی ٹرست ڈیڈ جعلی تھی لہذا مریم نواز کے خلاف الگ سے ٹرائل کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں