مانچسٹر (ویب ڈیسک) آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 2019ء کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد بھارت کو 18رنز سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم مسلسل دوسری مرتبہ ورلڈ کپ کا فائنل کھیلے گی، 2015ء میں بھی وہ فائنل میں پہنچی تھی جہاں اُسے آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
مانچسٹر میں 240 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم 221 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
ورلڈ کپ میں رنز مشین روہیت شرما صرف ایک رن بنا کر پویلین چلتے بنے، ان کے پیچھے بھارتی ٹیم کے کپتان کوہلی اور دوسرے اوپنر کے ایل راہول بھی بالترتیب ایک، ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
دنیش کارتھک کو صرف 6 رنز پر ہینری نے پویلین کی راہ دکھائی۔
رشبھ پنت اور ہاردک پانڈیا نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 47 رنز بناکر کیوی بولرز کے سامنے کچھ مزاحمت دکھائی لیکن 32 رنز کی اننگز کھیل کر رشبھ پنت پانڈیا کا ساتھ چھوڑ گئے۔
ہاردک پانڈیا 32 رنز بناکر سینٹنر کا شکار بنے۔
رویندرا جدیجا اور دھونی چھٹی وکٹ کی شراکت میں 177 رنز جوڑ کر ٹیم کو فتح کے قریب لے آئے، اس موقع پر جدیجا 77 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر دھونی کا ساتھ چھوڑ گئے۔
جدیجا کے بعد دھونی بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 50 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
بھونیشور کمار صفر اور چاہل 5 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، یوں بھارت کی پوری ٹیم 49 اعشاریہ 3 اوورز میں 221 رنز بناسکی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ہینری نے تین، بولٹ اور سینٹنر نے دو، دو جبکہ فرگوسن اور نیشام نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل کرکٹ ورلڈکپ 2019ء میں بارش سے متاثرہ پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو جیت کے لیے 240 رنز کا ہدف دیا۔
مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ گراؤنڈ میں کھیلے جا رہے میچ میں نیوزی لینڈ نے بھارت کے خلاف اپنی ادھوری اننگز 211 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی۔
کیویز نے اپنے گزشتہ روز کے اسکور میں 3 مزید وکٹوں کے نقصان پر 28 رنز کا اضافہ کیا اور یوں بھارت کو مقررہ 50 اوورز میں جیت کے لیے 240 رنز کا ہدف ملا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ورلڈکپ کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا جب بارش کی وجہ سے کھیل روکا گیا تو نیوزی لینڈنے 46.1 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 211 رنز بنالیے تھے۔
نیوزی لینڈ کے بلے بازوں نے میچ کا انتہائی سست انداز میں آغاز کیا اور اس کی پہلی وکٹ بھی ایک رن پر گر گئی اور مارٹن گپٹل صرف ایک رن بناکر آؤٹ ہوگئے تھے، جبکہ 19 ویں اوور میں 69 کے مجموعے پر نکولس 28 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
اس موقع پر کیم ولیمسن اور ٹیلر نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور تیسری وکٹ پر 65 رنز کی شراکت قائم کی تاہم 134 کے مجموعی اسکور پر ولیمسن 67 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، جبکہ جیمز نیشم اور گرینڈ ہوم بھی بالترتیب 12 اور 16 رنز بناکر پویلین لوٹے۔
بارش کی وجہ سے جب کھیل روکا گیا تو روس ٹیلر 67 اور ٹوم لیتھم 3 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔
ایونٹ میں یوں تو کئی میچز بارش کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں تاہم صرف سیمی فائنلز اور فائنل میچ کے لیے متبادل دن رکھا گیا ہے۔
آج بھی اگر میچ بارش سے متاثر ہوجاتا ہے تو بھارت پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہونے کی بنیاد پر فائنل میں پہنچ جائے گا۔