پاکستانی پاسپورٹ عالمی رینکنگ میں مزید تنزلی کا شکار ہو گیا

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف ایک نیا پاکستان بنانے کا خواب لے کر اقتدار میں آئی لیکن اس نیا پاکستان نے عوام کو فی الحال مایوسی کے علاوہ کچھ نہیں دیا جس کی وجہ سے موجودہ حکومت اکثر و بیشتر ہی عوام کی تنقید کی زد میں رہتی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف نے اقتدار میں آنے سے قبل عوام کو کئی خواب دکھائے لیکن ان میں سے کوئی خواب بھی تاحال شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکا۔حکومتی جماعت کے کئی خوابوں میں سے ایک خواب پاکستانی پاسپورٹ کی قدر میں اضافہ کرنا بھی تھا لیکن عالمی رینکنگ میں پاکستانی پاسپورٹ کا درجہ بلند ہونے کی بجائے مزید تنزلی کا شکار ہو گیا جس پر عوام نے ایک مرتبہ پھر موجود ہ حکومت کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو اقتدار میں آئے گیارہ ماہ ہو گئے اور ان گیارہ ماہ میں پاکستانی پاسپورٹ 106 ویں نمبر پر چلا گیا۔

ہینلے کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے پاسپورٹ نے 106ویں پوزیشن حاصل کی جس کے حامل افراد 30 ممالک کا ویزہ فری سفر کرسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ عالمی ادارے ہینلے کی جانب سے دنیا کے 108 ممالک کے پاسپورٹس کی درجہ بندی جاری کردی گئی جس کے مطابق جاپان کے ساتھ سنگاپور نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ پاکستان اپنی پوزیشن برقرار نہیں رکھ سکا۔

ہینلے کی رپورٹ کے مطابق جاپان اور سنگاپور کے پاسپورٹ فہرست میں پہلی پوزیشن پر رہے جس کے شہری 189 ممالک اور شہروں کا ویزہ یا پھر ائیرپورٹ پر ہی حکام سے قیام کی اجازت لے سکتے ہیں۔ سنگا پور اور جنوبی کوریا، فن لینڈ اور جرمنی کے پاسپورٹ دوسرے نمبر پر رہے جن کے حامل شہری 187 ممالک کا بغیر کسی پابندی کے سفر کرسکتے ہیں۔

سال 2018 میں جنوبی کوریا کا پاسپورٹ تیسرے نمبر پر تھا جس کی پوزیشن بہتر ہوئی جبکہ رواں سال کے آغاز پر جاری ہونے والی رینکنگ میں جرمنی اور فن لینڈ چوتھے نمبر پر تھے، دونوں ممالک کے پاسپورٹس نے دو درجے ترقی حاصل کی۔ عالمی رینکنگ کے حساب سے ڈنمارک ، اٹلی اور لیوگژیم بورگ تیسرے نمبر پر رہے، فرانس اور سوئیڈن چوتھی پوزیشن پر مستحکم رہے جبکہ اسپین نے ایک درجہ ترقی حاصل کی اور چوتھی پوزیشن پر واپس آگیا۔ تیسرے اور چوتھے طاقتور ترین پاسپورٹ رکھنے والے شہری بالترتیب 186 اور 186 ممالک بغیر کسی پابندی کے سفر کرسکتے ہیں۔

ایک طرف جہاں کچھ ممالک کے پاسپورٹس نے اپنی پوزیشن بہتر کی وہیں عالمی رینکنگ کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ مزید تنزلی کا شکار ہو گیا ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں