افغانستان: ننگرہار میں شادی کی تقریب میں خودکش دھماکا، 14 فراد شہید، 40 سے زائد زخمی

ننگرہار (ڈیلی اردو) افغان صوبے ننگرہار میں شادی کی ایک تقریب میں خودکش دھماکا سے 14 افراد شہید اور 40 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔

افغان میڈیا کے مطابق جمعہ کے روز صبح تقریباً 8 بجے صوبہ ننگرہار کے ضلع پچیرگام میں حکومت کے حمایت یافتہ قبائلی رہنما ملک تور کے گھر میں شادی کی تقریب ہورہی تھی کہ ایک تیرہ سالہ خودکش بمبار نے آکر خود کو دھماکہ سے اْڑادیا جس کے نتیجے میں کم از کم چودہ افراد شہید اور 40 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

صوبائی گورنر عطااللہ خوگیانی کے مطابق دھماکا اس وقت ہوا جب شادی کی تقریب میں لوگ کی آمد شروع ہو گئی تھی اس دوران ایک خودکش بمبار نے خود کو دھماکا خیز مواد سے اڑایا جس کے نتیجے میں ہلاکتیں ہوئیں جب کہ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کرکے اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

ننگرہار پولیس کے مطابق ایک خودکش بمبار نے خود کو ملک تور کے شادی کی تقریب میں زوردار دھماکے سے اڑا دیا جس کے نتیجے میں 10 افراد شہید اور 45 زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

ادھر طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ ان کا گروپ شادی کی تقریب پر حملے نہیں کرتا اور اس کارروائی کا ان سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں