کراچی (ڈیلی اردو) کراچی کے گلشنِ معمار ميں پاکستان رینجرز سندھ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناديا۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ کراچی کے علاقے گلشنِ معمار میں گزشتہ روز آپریشن کیا گیا، ملزمان اسلحہ کراچی کے مختلف علاقوں میں بدامنی کے لئے استعمال کرنا چاہتے تھے تاہم بروقت کارروائی سے یہ منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق کارروائی گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر کی گئی، برآمد اسلحہ لیاری گینگ وار کا ہے، برآمد کیے گئے سامان میں 5 عدد کلاشنکوفیں، 11 عدد ہینڈ گرنیڈ، ایک یونین بیرل راکٹ لانچر، 2 عدد ایم پی فائیو رائفلیں، ایک ماؤزر مع سائلنسر، 3 عدد نائن ایم ایم، بتیس بور ماؤزر، 2 گلاک پستول، ایس ایم جی کے 23 میگزین، ایم پی فائیو کے 14 میگزین، گلاک کے 8 میگزین، نائن ایم ایم کے 20 میگزین، تیس بور پستول کا ایک میگزین شامل ہے۔
رینجرز ترجمان کے مطابق کھارادر کے علاقے جوڑیا بازار میں سلیم کارپوریشن کے مالک سلیم احمد عرف مرچی کو نامعلوم موٹر سائیکل سوار نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔ رینجرز نے قتل کے مرکزی ملزم خرم ممتاز، اقبال عرف جرمن اور اس کے بیٹے نوید اقبال کو گرفتار کیا تھا۔