اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سسلین مافیا کی طرح پاکستانی مافیا بھی ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں اٹلی کے سابق صدر کا مافیا کے حوالے سے دیا گیا ایک بیان شیئر کیا۔
"سیسیلین مافیا" کیطرح پاکستانی مافیا بھی منی لانڈرنگ کے ذریعے بیرون ملک منتقل کئے گئے اربوں روپے بچانے اور عدلیہ و ریاستی اداروں پر دباؤ ڈالنے کیلئے رشوت، دھونس، بلیک میلنگ اور بھیک جیسے حربے استعمال کرتا ہے۔ https://t.co/8pGqSZLrkw
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) July 13, 2019
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستانی مافیا بھی سسلین مافیا کی طرح رشوت، دھمکی، بلیک میل، ریاست و عدلیہ پر دباؤ کے ہتھکنڈے استعمال کررہا ہے تاکہ ان کی اربوں کی منی لانڈرنگ بیرون ملک محفوظ رہے۔
غربت کسی بھی قوم/ملک کے زوال اور تباہی کا سامان کرتی ہے اور عوام میں فقر و تنگدستی کی بڑی وجہ اسکے حکمران اور سرکاری عمال میں جائز ناجائز ذرائع سے ملکیت اور دولت کے انبار لگانے کی خواہش کا بدرجہ اتم پایا جانا ہے۔
حضرت علی (علیہ السلام)
نہج البلاغہ— Imran Khan (@ImranKhanPTI) July 13, 2019
واضح رہےکہ گزشتہ ہفتے مسلم لیگ (ن) نے احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی ایک ویڈیو جاری کی تھی جس میں مبینہ طور پر یہ بتایا گیا کہ احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کو نوازشریف کو سزا سنانے کے لیے بلیک میل کیا گیا تاہم جج ارشد ملک نے ویڈیو جاری ہونے کے بعد ایک پریس ریلیز کے ذریعے اپنے اوپر عائد الزامات کی تردید کی تھی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس نے مسلم لیگ (ن) کی جانب سے جاری ویڈیو اور الزامات پر احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کو عہدے سے ہٹانے کے لیے وزارت قانون کو خط لکھ دیا ہے۔
اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک کنگال چھوڑ کر جانے والے ہم سے حساب مانگ رہے ہیں، انہوں نے لوگوں کو دھوکا دیا ہے انہیں شرم آنی چاہئے، یہ لوگ پی آئی اے، بجلی، گیس، ریلوے میں ریکارڈ خسارہ چھوڑ کر گئے، مشکل حالات سے گزرے اب آپ ملک میں استحکام دیکھیں گے۔