موغا دیشو (ڈیلی اردو) صومالیہ کے شہر کیسمایو کے ایک ہوٹل میں ہونے والے خود کش حملے کے نتیجے میں 26 افراد ہلاک اور 56 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔ حملے کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم الشباب نے قبول کی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی مدینہ ہوٹل سے ٹکرا دی جبکہ اس کے دیگر ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے ہوٹل میں داخل ہوئے۔
مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق حملے کے وقت ہوٹل میں سیاستدان، تاجر اور غیر ملکی شہری بھی موجود تھے۔
واقعے میں امریکہ سمیت مختلف ممالک کے شہریوں کی ہلاکت کی بھی اطلاعات ہیں۔ کینیڈین صحافی اور سوشل میڈیا میں سرگرم ھودان نالایاہ اور ان کے شوہر بھی اس واقعے میں شہید ہو گئے ہیں۔
یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ خودکش حملے میں صدارتی امیدوار سمیت ایک مقامی صحافی بھی جان کی بازی ہار گئے ہیں۔
سیکورٹی حکام نے بتایا کہ حملہ آوروں کی تعداد چار تھی، جنہیں سیکورٹی اہلکاروں نے ہلاک کر کے علاقے کو کلیئر کر دیا ہے، تاہم حکام کی جانب سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
واقعے کے عینی شاہد حسین مختار نے بتایا کہ دھماکے کی شدت بہت زیادہ تھی۔ دھماکے کے بعد بھگدڑ مچ گئی، آس پاس کی عمارتوں میں موجود افراد نے چھلانگیں لگا کر اپنی جانیں بچائیں۔
حملے کی ذمہ داری قبول کرنے والی الشباب نامی شدت پسند تنظیم القاعدہ سے منسلک ہے اور اس سے قبل بھی یہ صومالیہ میں پرتشدد کارروائیوں میں ملوث رہی ہے۔
عالمی دہشت گرد تنظیم القاعدہ سے منسلک ‘الشباب’ نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اسے ‘شہادت کے لیے حملہ’ قرار دیا۔