لندن (ویب ڈیسک) برطانوی اخبار ڈیلی میل نے دعویٰ کیا ہے کہ شہباز شریف نے برطانیہ کی جانب سے پنجاب کو دی گئی 50 کروڑ پاؤنڈز کی امداد میں سے کئی ملین پاؤنڈ کی رقم چرائی اور منی لانڈرنگ کے ذریعے برطانیہ پہنچائی۔
برطانوی اخبار ڈیلی میل نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی منی لانڈرنگ کے حوالے سے انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے صوبہ پنجاب کے لیے برطانیہ نے 50 کروڑ پاؤنڈز کی امداد دی، امداد کے لاکھوں پاؤنڈز برطانیہ منتقل کیے گئے جب کہ شہباز شریف نے کچھ رقم ڈی ایف آئی ڈی کے پروگرام سے چرائی۔
ڈیلی میل کے مطابق برطانوی شہری آفتاب محمود نے شہباز شریف کے لیے منی لانڈرنگ کرنے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف کے داماد کو متاثرین کے لیے 10لاکھ پاؤنڈز دیے گئے تاہم امداد سے چوری کیے گئے لاکھوں پاؤنڈز برمنگھم منتقل کیے گئے، برمنگھم سے پیسے شہبازشریف کے برطانوی اکاؤنٹس میں منتقل ہوئے۔
برطانوی اخبار کے مطابق 2003 میں شریف خاندان کے اثاثے ڈیڑھ لاکھ پاؤنڈز تھے، 2018 میں شریف خاندان کے اثاثے 20 کروڑ پاؤنڈز تک پہنچ گئے جب کہ رقم شہبازشریف کی اہلیہ، بچوں اور داماد کو منتقل ہوئی۔
دوسری جانب برطانیہ نے شہباز شریف دور میں کروڑوں پاؤنڈز کی امداد کی تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے، سابق سیکریٹری آئی ڈی ایف ڈی کا کہنا ہے کہ امداد کا منی لانڈرنگ میں استعمال ہونا تشویش ناک ہے، برطانیہ ا ینٹی کرپشن پر سالانہ کروڑوں پاؤنڈز خرچ کررہا ہے۔
شہباز شریف کا برطانوی اخبار ڈیلی میل کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان
سابق وزیراعلی پنجاب اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے ٹوئٹ میں کہا کہ برطانوی اخبار ڈیلی میل کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کیا ہے۔
Have decided to file law suit against Daily Mail. The fabricated and misleading story was published at the behest of Imran Khan and Shahzad Akbar. We will also launch legal proceedings against them. Btw IK has yet to respond to three such cases I filed against him for defamation.
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) July 14, 2019
انہوں نے اپنے خلاف خبر کو خود ساختہ اور گمراہ کن قرار دیا اور دعویٰ کیا کہ خبر وزیراعظم عمران خان اور ان کے معاون خصوصی شہزاد اکبر کے ایما پر چھاپی گئی۔
انہوں نے ٹوئٹ میں عمران خان کو یاد دلایا کہ ’ویسے، عمران خان صاحب آپ کو ابھی میری جانب سے کیے گئے 3 ہتک عزت کے دعوی کا جواب بھی دینا ہے‘
مسلم لیگ (ن) نے خبر پروپگینڈہ مہم قرار دیدی
ادھر مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے برطانوی اخبار کی خبر کی تردید کرتے ہوئے الزامات کو بے بنیاد اور پروپگینڈہ مہم قرار دے دیا اور کہا کہ شائع ہونے والی خبر کے پہلے پانچ حصوں میں شہباز شریف شریف کی کارکردگی اور ان کے منصوبوں کی تعریف کی گئی ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ یہ رپورٹ وزیراعظم عمران خان نے خود برطانوی اخابر میں شائع کی ہے، وزیراعظم عمران خان شہباز شریف کے بغض میں ملک کی جگ ہنسائی کا سبب بن رہے ہیں۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ برطانوی حکومت خود شہبازشریف کے کام کی تعریف کرچکی ہے جبکہ انہیں شفافیت پر کئی سرٹیفکیٹ ملے ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا بیان
جھوٹی خبر دینے پر برطانوی اخبار کے خلاف قانونی کاروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے
برطانوی اخبار کے علاوہ وزیراعظم عمران خان اور شہزاد اکبر کے خلاف بھی قانونی چارہ جوئی کی جائےگی۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا بیان
جھوٹی خبر دینے پر برطانوی اخبار کے خلاف قانونی کاروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے
برطانوی اخبار کے علاوہ وزیراعظم عمران خان اور
شہزاد اکبر کے خلاف بھی قانونی چارہ جوئی کی جائےگی— PMLN (@pmln_org) July 14, 2019
شہباز شریف پر لگائے گئے الزام کی تردید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ برطانوی اخبار کی رپورٹ میں 2005 کے زلزلے کا تذکرہ ہے جس وقت ملک میں جنرل (ر) پرویز مشرف کی حکومت تھی اور شہباز شریف ملک بدر تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے ترجمان قوم کو گمراہ کر رہے ہیں۔ تاجر برادری کی ہڑتال کا حوالہ دیتے ہوئے لیگی ترجمان کا کہنا تھا کہ کل پورے ملک میں شٹر ڈاؤن ہڑتال تھی، ملک کو لاک ڈاؤن کرنے کی سازش ہو رہی ہے۔
وزیراعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ بینک عمران خان کے 18 جعلی اکاؤنٹس کی نشاندہی کرچکا ہے ، حمزہ شہباز جھوٹے الزام میں جیل میں ہیں۔