لورالائی (ڈیلی اردو) بلوچستان میں ڈی آئی جی ژوب رینج کے دفتر پر دہشت گردوں نے خودکش حملہ کیا، خودکش حملے میں 4 سے زائد افراد کے شہید ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے لورالائی میں واقع پولیس ڈی آئی جی آفس کے احاطے پر دہشت گردوں نے خودکش حملہ کیا گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق خودکش حملے میں پولیس اہلکاروں سمیت 4 سے زائد افراد شہید ہو گئے ہیں جبکہ 10 سے زائد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ دفتر کے احاطے سے فائرنگ کی آوازیں بھی بلند ہورہی ہیں
ذرائع کا کہنا ہےکہ آج پولیس میں بھرتی کے لیے دفتر میں امیدواروں کے ٹیسٹ اور انٹرویو جاری تھے جس وقت حملہ ہوا۔ حملے میں دو دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئی ہیں
یہ بھی بتایا جارہا ہے کہ پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کی اضافی نفری کو ڈی آئی جی ژوب کے دفتر پر طلب کرلیا گیا ہے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں سے مقابلہ جاری ہے۔
سیکیورٹی فورسز کے ہمراہ ریسکیو اہلکار بھی جائے وقوعہ کی جانب روانہ ہورہے ہیں۔
فی الحال اس حملے سے متعلق مزید تفصیلات موصول نہیں ہوسکی ہیں۔ دہشت گردوں کی تعداد بھی نا معلوم ہے اور یہ بھی نہیں کہا جاسکتا کہ ڈی آئی جی اس وقت اپنے دفتر میں موجود ہیں یا نہیں۔