پاراچنار (محمد صادق) ضلع کرم کے حلقہ پی کے 109 میں مرکزی قومی کمیٹی نے آزاد امیدوار عنایت علی طوری کو مشترکہ قومی امیدوار نامزد کردیا اور اسے کلاہ لنگی پہنا کر ان کے انتخابی کمپین چلانے کا اعلان کردیا، مختلف علاقوں کے قبائلی عمائدین نے بھی عنایت علی طوری کی حمایت کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق سول سٹیڈیم پاراچنار میں بڑے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی قومی کمیٹی کے رہنما جمیل حسین طوری اور سجاد حسین طوری نے کہا کہ کمیٹی نے تفصیلی چھان بین اور سابقہ خدمات اور تجربے کو مدنظر رکھتے ہوئے آزاد امیدوار عنایت علی طوری کو مشترکہ قومی امیدوار نامزد کردیا اور انہیں کلاہ لنگی پہنائی جبکہ تری منگل، غوزگڑھی، مقبل، زیڑان سمیت مختلف علاقوں کے قبائلی عمائدین نے بھی عنایت علی طوری کی حمایت کا اعلان کردیا۔
جس کے بعد عنایت علی طوری کی پوزیشن کافی حد تک مستحکم ہو گئی ہے اور ان کا مقابلہ پی ٹی آئی کے اقبال سید میاں، ابرار جان، کرنل (ر) جاوید اللہ خان، ظاہر حسین اور دیگر امیدواروں سے ہوگا۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں عنایت علی طوری نے کہا کہ جس قومی جذبے کے ساتھ ان کی حمایت کا اعلان کیا گیا ہے ان کی جیت یقینی ہے اور منتخب ہو کر وہ علاقے کی تعمیر و ترقی اور قیام امن کے لئے جدو جہد کریں گے۔
سول سٹیڈیم میں مشترکہ امیدوار نامزد ہونے کے بعد عنایت علی طوری کو مختلف راستوں سے جلوس کی شکل میں ان کے مرکزی الیکشن آفس لایا گیا۔