افغانستان: قندہار میں سڑک کنارے نصب بم دھماکے میں 12 مسافر شہید، 31 زخمی

کابل (ڈیلی اردو/ نیوز ایجنسی) افغانستان کے صوبے قندہار کے مصروف ترین شاہراہ پر زور دار بم دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 12 مسافر شہید اور 31 زخمی ہوگئے۔

افغان نیوز ایجنسی خامہ پریس کے مطابق افغانستان کے شہر قندھار کی مصروف شاہراہ کے کنارے نصب بم دھماکے میں 12 مسافر شہید اور 31 زخمی ہوگئے۔  دھماکے کے وقت ایک ٹرک سڑک سے گزر رہا تھا جس میں 43 مسافر سوار تھے۔

ریسکیو اداروں نے بم دھماکے میں شہید اور زخمی ہونے والوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا جہاں 7 زخمیوں کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ شہید اور زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

قندھار پولیس چیف تادین خان اچکزئی نے دعویٰ کیا ہے کہ بم دھماکا طالبان کی جانب سے کیا گیا ہے تاہم طالبان کی جانب سے کسی قسم کا بیان سامنے نہیں آیا۔

ادھر قطر کے دارالحکومت دوحہ میں افغان امن مذاکرات کے باوجود افغانستان میں طالبان کی جانب سے دھماکوں کا سلسلہ جاری ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں