اسلام آباد (ڈیلی اردو) ملک بھر میں پولیو کا مرض سنگین صورتحال اختیار کرگیا، پاکستان میں پولیو کیسز کی مجموعی تعداد ۔ 45 ہوگئی، سب سے زیادہ پولیو کیسز خیبر پختونخواہ میں ریکارڈ کیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق ملک میں پولیو کیسز میں تشویشناک اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے اور مزید 4 کیسز سامنے آنے کے بعد پولیو سے متاثرہ بچوں کی مجموعی تعداد 45 ہوگئی۔
انسداد پولیو حکام کا کہنا ہے پولیو کے دو نئے کیسز پنجاب میں رپورٹ ہوئے، پولیو کیس لاہور اور جہلم میں سامنے آئے، جس کے بعد پنجاب میں پولیو کیسز کی تعداد 5 ہو گئی۔ خیبر پختونخوا میں سب سے زیادہ 35 کیسز رپورٹ ہوئے، خیبرپختونخوا میں بنوں اور لکی مروت میں کیسز سامنے آئے جبکہ سندھ میں پولیو کیسز کی تعداد 3 ہو چکی ہے۔
ہزارہ اور مالاکنڈ ڈویژنز کے اضلاع میں 15 جولائی سے پولیو مہم کا آغاز ہورہا ہے، جس میں 5 برس سے کم عمر کے 6 لاکھ 14 ہزار سو 90 بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔ پولیو کوآرڈینیٹر کامران آفریدی کے مطابق مہم کے لیے تربیت یافتہ پولیو ورکرز پر مشتمل 2 ہزار 6 سو 57 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔