لاہور (ویب ڈیسک) نیب نے اثاثہ جات اور منی لانڈنگ کیس میں شہباز شریف، ان کی بیگمات تہمینہ درانی، نصرت شہباز اور بیٹے حمزہ شہباز کے اثاثے منجمد کر دئیے۔ نیب نے تمام اثاثوں کی منتقلی یا فروخت روکنے کے لیے متعلقہ اداروں کو خطوط لکھ دئیے۔
تفصیلات کے مطابق قومی احتسب بیورو (نیب) نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کیساتھ ان کی اہلیہ تہمینہ درانی، نصرت شہباز اور بیٹے حمزہ شہباز کے اثاثے بھی منجمد کر دئیے۔
تہمینہ درانی کی ہری پور میں اراضی، ڈی اے ایچ لاہور میں دو گھر، نصرت شہباز کے ماڈل ٹاؤن میں دو پلاٹس اور ڈونگہ گلی میں گھر ضبط کیے گئے ہیں۔
نیب نے حمزہ شہباز کے جوہر ٹاؤن میں 9 اور جوڈیشل کالونی میں 4 پلاٹس، شہباز شریف اور اہلخانہ کے 14 ملز میں شیئرز اور شہباز شریف کے نام دو لینڈ کروزر گاڑیوں کی منتقلی پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔
نیب نے تمام اثاثوں کی منتقلی یا فروخت روکنے کے لیے ایل ڈی اے، ڈی ایچ اے، ایکسائز، جی ڈی اے اور ڈی سی ہری پور کو خطوط لکھ دیے ہیں۔