اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان تین روزہ سرکاری دورے پر امریکا کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان دورہ امریکا کے لیے کمرشل فلائٹ سے واشنگٹن کے لیے روانہ ہوئے ہیں۔
ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم کے ہمراہ وزیراعظم کے مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی زلفی بخاری اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی امریکا کے لیے روانہ ہوئے ہیں۔
حکومتی اعلامیے کے مطابق وزیراعظم عمران خان 20جولائی کو مقامی وقت کے مطابق 3بج کر30 منٹ پر واشنگٹن پہنچیں گے اور وزیراعظم کا سرکاری دورہ 21 جولائی سے شروع ہو گا۔
شیڈول کے مطابق 21 جولائی کو وزیراعظم عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے قائم مقام ایم ڈی، عالمی بینک کے صدر اور کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔ اس کے علاوہ وزیراعظم پاکستانی کمیونٹی سے خطاب اور پاکستان بزنس سمٹ میں شرکت بھی کریں گے۔
22 جولائی کو وزیر اعظم عمران خان وائٹ ہاؤس پہنچیں گے جہاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ان کا استقبال کریں گے اور انہیں وائٹ ہاؤس کا دورہ کرائیں گے۔
اس موقع پر تحائف کے تبادلے کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات ہو گی، عمران خان یو ایس پاکستانی بزنس کونسل سے ملاقات کریں گے اور امریکی میڈیا کو انٹرویو بھی دیں گے۔
وزیراعظم عمران خان کی 23 جولائی کو امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے ملاقات ہو گی۔ بعدازاں وزیراعظم امریکی تھنک ٹینک انسٹی ٹیوٹ آف پیس اور کیپیٹل ہل میں پاکستانی کاکس سے خطاب کریں گے، پھر امریکی صحافیوں سے بھی ملاقات کریں گے۔
23 جولائی کو ہی وزیراعظم عمران خان ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی سے بھی ملاقات کریں گے جس کے ساتھ ان کا دورہ امریکا مکمل ہو جائے گا۔