گمبٹ (ڈیلی اردو) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ا کہنا ہے کہ اٹھارویں ترمیم پر آنچ نہیں آنے دوں گا، ہمارے ملک میں بہت سی مشکلات ہیں جن کا ہمیں سامنا کرنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گمبٹ وہ واحد ادارہ ہے جہاں 3 اعضا کا ٹرانسپلانٹ ہوتا ہے، ادارے میں جگر اور گردے کے ٹرانسپلانٹ ہوتے ہیں، ملک بھر سے آنے والے غریب عوام گمبٹ میں مفت علاج کروا رہے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک کو بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے، ایسے اور ادارے بنائیں گے جہاں عوام کو مفت علاج مل سکے، چیلنج کرتا ہوں کہ عمران خان گمبٹ جیسا ادارہ پختونخواہ میں نہیں بنا سکتے۔
بلاول کا کہنا تھا کہ جے پی ایم سی میں عالمی معیار کی طبی سہولتیں مہیا کی ہیں، این آئی سی وی ڈی کی شاخیں سندھ بھر میں قائم کی ہیں، وفاق کو سندھ کے اسپتال چھیننے نہیں دیں گے، اسپتالوں کی حوالگی کے لیے سندھ حکومت میں ریویو پٹیشن دائر کریں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ لانگ مارچ کے لیے تیار ہوں، 18 ویں ترمیم پر آنچ نہیں آنے دوں گا، جو بھی قانونی راستہ ہوگا وہ اختیار کریں گے۔ ہمارے ملک میں بہت سی مشکلات ہیں جن کا ہمیں سامنا کرنا ہے، میں نے ڈاکٹروں کے احتجاج کو بھی دیکھا ہے۔
بلاول کا کہنا تھا کہ ڈاکٹروں کا پیشہ بہت محترم ہوتا ہے، بہتر ہوتا ڈاکٹر سندھ حکومت سے بات کرتے۔ بات چیت ہوتی تو ڈاکٹرز کے مسائل کا حل نکالتے۔ احتجاج کے باعث غریب عوام کو کوئی پریشانی نہیں ہونی چاہیئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ذوالفقار بھٹو نے اپنی سیاست کے عروج پر آمر کے خلاف جدوجہد کی، خیر پور میں ایگریکلچر اور میڈیکل یونیورسٹی بنائی جائے گی۔ ہماری معیشت کو جو نقصان پہنچایا گیا وہ بہت افسوس ناک ہے۔ سندھ سے فنڈز کے معاملے پر ناانصافی ہو رہی ہے۔