واشنگٹن (ویب ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کچھ دیر تک ہوگی، ملاقات میں باہمی تعلقات، افغانستان کی صورتحال سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق نئے پاکستان میں امریکا اور پاکستان کے درمیان تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہونے جارہا ہے، واشنگٹن میں وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان بڑی ملاقات آج کچھ دیر تک ہوگی۔
شیڈول کے مطابق وزیراعظم پہلے پاکستانی ہاؤس سے سفارتخانے جائیں گے، پاکستان سفارتخانے میں امریکی صدر سے ملاقات پر اہم اجلاس ہوگا، جس کے بعد وزیر اعظم پاکستانی وقت کے مطابق رات سوا 8 بجے وائٹ ہاوس روانہ ہوں گے اور پونے 9 بجے وائٹ ہاوس پہنچیں گے۔
وزیر اعظم کو خصوصی سیکیورٹی اسکوارٹ میں وائٹ ہاوس لے جایا جائے گا، جہاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ وائٹ ہاؤس میں ان کا استقبال کریں گے، وزیر اعظم عمران خان وائٹ ہاؤس میں مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کریں گے اور امریکی صدر سے پاکستانی وفد کا تعارف کرائیں گے۔
امریکی صدر وزیر اعظم عمران خان اور وفد کو وائٹ ہاوس کا دورہ کرائیں گے اور دونوں رہنماوں کے مابین تحائف کا تبادلہ بھی ہو گا۔
وزیر اعظم اور امریکی صدر میں ملاقات پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے ہوگی، دونوں رہنماوں کے درمیان ملاقات 45 منٹ تک جاری رہے گی، دونوں رہنما اوول آفس میں تصویر بنوائیں گے اور تعارفی کلمات کا تبادلہ بھی ہوگا، ملاقاتوں میں پاک امریکا تعلقات،دوطرفہ تجارت،دفاعی تعاون اورافغان امن عمل پربات کی جائے گی۔
وائٹ ہاوس میں خطے کی سیکورٹی سے متعلق اہم اجلاس ہو گا اور دونوں ممالک کے مابین وفود کی سطح پر بھی ملاقات ہوگی، وزیراعظم عمران خان کے اعزاز میں وائٹ ہاوس میں ظہرانہ دیا جائےگا۔
ملاقات کے بعد وزیر اعظم عمران خان وائٹ ہاوس سے پاکستان ہاوس روانہ ہو ں گے ، پاکستان ہاؤس میں مختصر قیام کے بعد وزیر اعظم پاکستان سفارتخانے جائیں گے، جہاں پاکستانی سفارتخانے میں مختلف امریکی چینلز کو انٹرویو دیں گے۔
وزیراعظم امریکا کے دورے کے دوران امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو اور ایوان نمائندگان کی اسپیکرنینسی پلوسی سے بھی ملاقاتیں کریں گے جبکہ مختلف امریکی کمپنیوں کے سربراہان سے ملیں گے اور امریکی انسٹی ٹیوٹ آف پیس سے خطاب کریں گے۔
امریکی سینٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی سے ملاقات، کانگریشنل پاکستان کاکس فاؤنڈیشن سے ملاقات اور پاکستان بزنس سمٹ میں شرکت بھی وزیراعظم عمران خان کی مصروفیات میں شامل ہیں۔
خیال رہے پاکستانی وفد میں چیف آف آرمی سٹاف قمر جاوید باجوہ اور آئی ایس آئی کے چیف بھی شریک ہیں، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ وزیراعظم کے ہمراہ وائٹ ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں شرکت کریں گے۔
یاد رہے واشنگٹن میں پاکستانیوں سے خطاب میں عمران خان نے کہا تھا کہ میں کہتاتھا افغانستان کاحل فوجی نہیں،آج ساری دنیا کہ رہی ہے،ڈونلڈ ٹرمپ کے سامنے آپ کا کیس رکھوں گا، آپ کو ڈونلڈ ٹرمپ کے سامنے شرمندہ ہونے نہیں دوں گا۔