موغادیشو (ڈیلی اردو/ نیوز ایجنسی) صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں ہونے والے خودکش کار بم دھماکے میں 17 افراد شہید اور 30 زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق موغادیشو میں خودکش دھماکا ائرپورٹ کے نزدیک ہوٹل کے باہر سیکیورٹی چیک پوائنٹ پر ہوا۔ خودکش حملہ آور نے دھماکہ خیز مواد کار میں رکھا ہوا تھا۔
دھماکہ کے فوری بعد شہر کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں سے 12 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔
دھماکہ کے بعد شہریوں کی بڑی تعداد جائے وقوع پر جمع ہو گئی تھی جس کی وجہ سے ایمبولینس اور ریسکیو اداروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تاہم سیکیورٹی اہلکاروں نے مجمع کو منتشر کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ بھی کی جس کے بعد وہاں موجود شہریوں کی بڑی تعداد جائے وقوع سے دور ہٹ گئی۔
عینی شاہد کے مطابق دھماکہ اتنا شدید تھا کہ جائے وقوع پر دھویں کے بادل چھا گئے تھے جبکہ دھماکے سے قریبی عمارتوں اور دکانوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
دھماکہ کے بعد سیکیورٹی اداروں نے علاقہ کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا تھا جبکہ کالعدم تنظیم الشباب نے خودکش حملے کی ذمہ داری قبول کر لی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ الشباب کی جانب سے ذمہ داری قبول کیے جانے کے باوجود تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
گزشتہ ہفتہ بھی صومالیہ کی جنوبی بندرگاہ کے شہر میں ایک ہوٹل پر عسکریت پسندوں نے حملہ کر کے قبضہ کر لیا تھا جس میں 26 افراد ہلاک اور 56 زخمی ہوئے تھے جن میں زیادہ تعداد غیر ملکیوں کی تھی۔