کوئٹہ (ڈیلی اردو) صوبہ بلوچستان کے صوبائی حکومت کوئٹہ میں زور دار دھماکہ سنا گیا جس کے نتیجے میں تین افراد شہید جبکہ 21 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں مشرقی بائی پاس کے نزدیک شیر جان اسٹاپ پر میڈیکل اسٹور کے سامنے ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں 3 شہری شہید اور 22 زخمی ہوگئے ہیں۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق مزید شہادتوں کا خدشہ ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دھماکہ خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب تھا۔ سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ دہشت گردوں نے اس دھماکے کے ذریعے عام لوگوں کو نشانہ بنایا ہے۔
ڈپٹی انسپیکٹر جنرل عبدالرزاق چیمہ کوئٹہ کے مطابق دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہے اور علاقے کو گھیرے میں لیکر قانونی کارروائی کے ساتھ ساتھ شرپسند عناصر کی تلاش کا کام شروع کردیا گیاہے۔
عبدالرزاق چیمہ نے بتایا ہے کہ دھماکے میں 19 سے زائد افراد زخمی ہوئے جن کو فوری طور پر سول اسپتال منقل کر دیاگیا جہاں دو افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ جبکہ ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سے ایک اور زخمی چل بسا۔ شہدا کی تعداد تین ہو گئی ہے۔
ڈی آئی جی کوئٹہ کے مطابق تمام افراد عام شہری ہیں۔
اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے مشرقی بائی پاس میں ہونے والے بم دھماکے کی ذمہ داری عالمی دہشت گرد تنظیم داعش نے قبول کر لی ہے۔
واضح رہے اس سے قبل کوئٹہ کے نواحی علاقہ پشتون آباد کی ایک مسجد میں 24 مئی کو بھی دھماکہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں امام مسجد سمیت 3 افراد شہید اور 26 زخمی ہو گئے تھے۔