راولپنڈی (ڈیلی اردو) پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبر نے ایل او سی کا دورہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبر نے لائن آف کنٹرول کا دورہ کر کے جوانوں سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈر نے ایل او سی کے شاہ کوٹ اور نکرون سیکٹرز کا دورہ کیا۔
کور کمانڈر جنرل بلال اکبر نے لائن آف کنٹرول پر تعینات جوانوں کے بلند عزم اور پیشہ ورانہ تیاریوں کو سراہا۔
کیل سیکٹر پر بھارتی سیز فائریاد رہے کہ ڈیڑھ ماہ قبل بھی جنرل بلال اکبر نے ایل او سی کا دورہ کیا تھا جس میں انھوں نے کیل سیکٹر پر بھارتی سیز فائر کی خلاف ورزیوں پر پاکستانی جوانوں کی طرف سے جوابی کارروائی کو سراہا۔
بھارتی فوج سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مسلسل شہری آبادی کو نشانہ بنا رہی ہے، بھارت 2018 میں 2312 بار سیز فائر کی خلاف ورزی کر چکا ہے۔
واضح رہے کہ چھ دن قبل بھی بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے جندروٹ سیکٹر پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں خاتون سمیت 3 شہری زخمی ہوئے۔