کوئٹہ (ڈیلی اردو) بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے مشرقی بائی پاس پر گزشتہ روز ہونے والے بم دھماکے کامقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں ہونے والے موٹر سائیکل بم دھماکے کا مقدمہ ایس ایچ او سی ٹی ڈی کی مدعیت میں میں درج کیا گیا ہے، مقدمے میں قتل اور دہشت کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
گزشتہ روز کوئٹہ کے مشرقی بائی پاس کے علاقے شیر جان اسٹاپ پر مقامی میڈیکل اسٹور کے قریب موٹر سائیکل میں نصب بم دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں3 شہری شہید اور 24 افراد زخمی ہوئے تھے۔
پولیس کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق دھماکا خیز مواد سائیکل میں نصب تھا۔ دھماکے سے 4 دکانوں اور ایک گاڑی کو بھی نقصان پہنچا جبکہ قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ واقعے کے بعد پولیس اور حساس اداروں نے دھماکے کی جگہ سے ضروری شواہد اکٹھے کئے۔
بم ڈسپوزل سکواڈ کی رپورٹ کے مطابق دھماکا سائیکل پر نصب ٹائم ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا جس میں ڈھائی سے تین کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا۔
دھماکے کی ذمہ داری عالمی دہشت گرد تنظیم داعش نے قبول کرلی ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کوئٹہ بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانی نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔