امریکا کیساتھ صرف برابری کی سطح پر بات چیت ہو سکتی ہے: ایرانی صدر حسن روحانی

تہران (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسی) ایرانی صدر نے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ صرف برابری کی سطح پر مزاکرات ہو سکتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ایران کے صدر حسن روحانی نےکہا ہے کہ ان کا ملک امریکا کے ساتھ برابری کی بنیاد پر مذاکرات کیلئےتیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر مذاکرات تہران کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کرنے کے لیے نہیں تو ہم بات چیت کے لیے تیار ہیں۔

تاہم ایرانی صدر حسن روحانی نے یہ واضح نہیں کیا کہ ایران کس نوعیت کے مذاکرات پر آمادہ ہے؟ البتہ انہوں نے امریکا کے ساتھ مشروط مذاکرات پر آمادگی کا اشارہ دیا۔

‏غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایرانی صدر حسن روحانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے امریکا سے مذاکرات پر آمادگی کا اظہار کیا جبکہ ساتھ ہی انہوں نے خبردار کیا کہ مذاکرات اس صورت ہوں گے جب اسے ہماری شکست نہ سمجھا جائے۔

خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سنہ 2015ء کو ایران اور چھ عالمی طاقتوں کے درمیان طے پائے تاریخی جوہری معاہدے سے علیحدگی اختیار کرلی تھی تاہم امریکا کا کہنا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ نئی شرائط پر مذاکرات کے لیے تیار ہے۔

دوسری جانب برطانیہ نے ایران کے قبضے سے برطانوی پرچم بردار آئل ٹینکر چھڑانے کے لیے ایک ثالث کو ایران بھیج دیا جس کی تصدیق ایران کے سپریم لیڈر آفس کی جانب سے کی گئی ہے۔

سپریم لیڈر آفس کی جانب سے برطانوی ثالث کے بارے میں تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں البتہ محمد محمدی کا کہنا تھاکہ ایک ایسا ملک جس نے ایک وقت وزراء اور وکلا ایران میں تعینات کیے وہ آج اس نہج پر پہنچ گیا کہ اپنا جہاز چھڑانے کی درخواست کرنے کے لیے ثالت کو بھیجتا ہے۔

واضح رہے کہ برطانیہ نے چند ہفتے قبل جبرالٹر سے ایران کے آئل ٹینکر کو قبضے میں لیا جس کے بعد ایران نے گزشتہ ہفتے اس کے جواب میں کارروائی کی اور آبنائے ہرمز سے 2 برطانوی آئل ٹینکروں کو قبضے میں لے لیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں