پاراچنار (محمد صادق) خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع کرم کے علاقہ کڑمان میں جانوروں میں اینتھریکس کی بیماری پھیلنے سے درجنوں گائے مرگئی۔ علاقے میں خوف و ہراس پھیل گئی، بیماری پر قابو پانے کیلئے لوگوں نے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔
ضلع کرم کے ہیڈ کوارٹر پارا چنار کے علاقے کڑمان کے قبائلی عمائدین ملک حاجی نثار حسین، ملک دلدار، حاجی ممتاز اور مرتضیٰ طوری نے نمائندہ ڈیلی اردو سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ چند دنوں سے ان کے علاقے میں مہلک بیماری جانوروں کو لگ گئی ہے جس سے اب تک درجنوں گائے مرگئی ہیں۔ لوگوں نے بتایا کہ بیماری کا شکار ہوتے گائے چند لمحوں میں مرجاتی ہیں جس کی وجہ سے مقامی لوگ سخت تشویش کے شکار ہیں۔ انور علی کا کہنا ہے کہ وہ انتہائی غریب ہے اور گائے مرنے کے بعد اب اللہ کے آسرے پر بیٹھ گئے ہیں۔ ملک دلدار کا کہنا ہے کہ لوگوں کا بہت ذیادہ نقصان ہوا ہے، حکومت ہنگامی بنیادوں پر بیماری کی روک تھام اور متاثرہ لوگوں کی مالی امداد کے لئے اقدامات اٹھائیں کیونکہ تاحال کوئی پرسان حال نہیں اگر بیماری پر فوری کنٹرول نہ پایا گیا تو یہ وائرس پورے ضلع میں پھیل سکتا ہے۔
ضلع کرم کے سینئر ویٹرنری آفیسر مظہر علی کا کہنا ہے کہ علاقے میں اینتھریکس وائرس نے حملہ کیا ہے، اطلاع ملنے پر ہم نے علاقے میں جانوروں کو ویکسین لگائے اور ٹیسٹوں کے لئے نمونے پشاور بھجوا دیے ہیں تاہم اینتھریکس وائرس سے جانور اتنی جلدی مر سکتی ہے۔
مظہر علی کا مزید کہنا تھا کہ چند سال قبل وسطی کرم میں بھی اس قسم کی بیماری پھیل گئی تھی جو بعد ازاں کنٹرول ہوگئی۔