قصور: پتوکی میں کار پر فائرنگ، جے ایس او کے صدر سید صفدر عباس کرمانی اہلخانہ سمیت قتل

پتوکی (ڈیلی اردو) صوبہ پنجاب کے ضلع قصور میں نامعلوم افاد نے کار پر فائرنگ کر کے جے ایس او کے صدر سید صفدر عباس کرمانی کو اہلخانہ سمیت قتل کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق قصور کی تحصیل پتوکی میں شیرگڑھ روڈ پر نامعلوم افراد نے گاڑی پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں جعفریہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان (جے ایس او) کے صدر سید صفدر عباس کرمانی، بیوی اور بیٹی سمیت جاں بحق ہوگئے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ نامعلوم مسلح افراد نے گاڑی پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں گاڑی میں سوار سید صفدر عباس کرمانی، بیوی صنم بتول اور بیٹی آریبہ بتول موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی جبکہ ایک سالہ بچی معجزانہ طور پر بچ گئی۔

اطلاع پر ڈی ایس پی سرکل پتوکی، تھانہ صدر پولیس اور کرائم سین کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔

پولیس ذرائع کے مطابق ابتدائی معلومات کے مطابق واقع ٹارگٹ کلنگ کا لگتا ہے تاہم پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تحقیقات شروع کردی۔

ذرائع کے مطابق سید صفدر عباس کرمانی پتوکی میں جعفریہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان (جے ایس او) کے سابق صدر تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ کار میں سوار فیملی شیرگڑھ سے حبیب آباد آرہی تھی۔ دوسری جانب آئی جی پنجاب نے پتوکی میں تین افراد کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لے کر رپورٹ طلب کر لی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے پتوکی میں کار پر فائرنگ کا نوٹس لے کر آر پی او سے رپورٹ طلب کرکے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں