متحدہ اپوزیشن کا جلسہ: شہباز شریف اور قمر زمان کائرہ سمیت دیگر قائدین کیخلاف مقدمہ درج

لاہور (ڈیلی اردو) متحدہ حزبِ اختلاف کی جانب سے گزشتہ روز لاہور کے مال روڈ پر یومِ سیاہ کے موقع پر احتجاجی جلسہ کرنے پر پولیس نے متحدہ اپوزیشن قائدین سمیت 58 قومی و صوبائی اسمبلی ارکان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔

لاہور پولیس کے مطابق مقدمہ ایس ایچ او سول لائنز کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے جس میں متعدد دفعات لگائی گئی ہیں۔

مقدمے میں مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف، پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ کے علاوہ دیگر اپوزیشن رہنماؤں وحید گل، رانا محمد ارشد، رابعہ نسیم فاروقی، شیخ روحیل اصغر، ڈاکٹر اسد اشرف، عظمیٰ بخاری سمیت 58 قومی و صوبائی اسمبلی ارکان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے، مقدمہ لاہور کے تھانہ سول لائنز میں درج کیا گیا ہے جب کہ مقدمہ میں مزید 1800 نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔

متحدہ اپوزیشن کے خلاف درج کی گئی ایف آئی آر کے متن میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ جلسے کے کئی شرکاء نے ڈنڈے اٹھا رکھے تھے۔

ایف آئی آر کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ مظاہرین نے مال روڈ کو چاروں اطراف سے بند کر دیا تھا، جس کی وجہ سے شہریوں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔

ایف آئی آر کے متن میں یہ بھی الزام لگائے گئے ہیں کہ مظاہرین نے ساؤنڈ سسٹم لگا کر اشتعال انگیز تقاریر کیں، پولیس بیریئر توڑ دیئے، بینرز اور پوسٹر پھاڑ دیئے، پولیس ملازمین سے مزاحمت کی اور حکومت مخالف نعرے لگائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں