واشنگٹن (ویب ڈیسک) امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کی سربراہ جینا ہیسپل کا کہنا ہے کہ امریکا کا جوہری معاہدے سے الگ ہونے کے باوجود ایران اس ڈیل پر عمل پیرا ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی سی آئی اے کی خاتون سربراہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جوہری ڈیل 2015 پر ایران اب بھی عمل درآمد کررہا ہے تاہم اس کے چند اہداف بھی ہیں جسے وہ حاصل کرنا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران اس ڈیل پر عمل پیرا رہتے ہوئے یورپ پر دباؤ بڑھانا چاہتا ہے تاکہ معیشت کی بہتری اور تجارت سے متعلق فوائد حاصل کیا جاسکے۔
سی آئی اے سربراہ کا کہنا تھا کہ ایرانی انتظامیہ نے معیشت کی بہتری کے لیے یورپ سے جو توقع رکھی تھی اس میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
جینا ہیسپل کا مزید کہنا تھا کہ ایرانی حکام ایسی تیاریاں کر رہے ہیں جس سے ان کے لیے اس معاہدے سے الگ ہونے کی صورت میں آسانیاں پیدا ہوں۔
امریکا کی علیحدگی کے باوجود ایران جوہری معاہدے پر عمل پیرا ہے: سی آئی اےامریکا کی علیحدگی کے باوجود ایران جوہری معاہدے پر عمل پیرا ہے: سی آئی اے
یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گذشتہ سال مئی میں جوہری معاہدہ ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایران پر سخت پابندیاں لگائیں گے، ایران سے جوہری تعاون کرنے والی ریاست پر بھی پابندیاں لگائیں گے۔
بعد ازاں ایرانی صدر حسن روحانی نے ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ ٹرمپ کا فیصلہ عالمی معاہدوں کی خلاف ورزی ہے، امریکا ایرانی جوہری معاہدے سے کبھی مخلص نہیں تھا، ٹرمپ نے وعدہ خلافی کی ہے۔