سرگودھا( ڈیلی اردو) بلوچستان میں امن دشمنوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے پاک فوج کے کیپٹن عاقب جاوید کو ان کے آبائی علاقے سرگودھا میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق شہید کیپٹن عاقب کی نماز جنازہ بھیرہ کے علاقے نوتھین میں ادا کی گئی، نماز جنازہ میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی،جس کے بعد شہید کو فوجی اعزاز کے ساتھ آبائی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔
اس موقع پر شہید کیپٹن عاقب کے والد محمد جاوید کا کہنا تھا کہ ان کےبیٹے نے وطن کی حفاظت کرتے ہوئے شہادت کا درجہ پایا جس پر انھیں فخر ہے۔
اس سے قبل تربت میں پاک فوج کے شہید جوان کیپٹن عاقب جاوید کا جسد خاکی ان کے آبائی علاقے لایا گیا تو ہر آنکھ اشکبار تھی۔
شہید کیپٹن کا ایک بھائی اور ایک بہن ہے، والد محمد جاوید پاک نیوی کے ریٹائرڈ آفیسر ہیں، شہید کیپٹن عاقب جاوید غیر شادی شدہ تھے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق ان کی شادی 24 اگست کو ہونا تھی۔