ٹھٹھہ میں زائرین کی کوسٹر الٹ گئی، تین بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق، 20 زخمی

ٹھٹھہ (ڈیلی اردو) صوبہ سندھ کے شہر ٹھٹھہ میں تیز رفتاری کے باعث زائرین کی کوسٹر الٹ گئی جس کے نتیجے میں تین بچوں سمیت چار افراد جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق ٹھٹھہ میں بگھاڑ موری کے قریب تیز رفتاری کے باعث زائرین کی کوسٹر الٹ گئی، حادثے میں 4 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 20 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں 3 بچے شامل ہیں۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے اور لاشوں اور زخمیوں کو سول ہسپتال مکلی منتقل کر دیا گیا اور ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر کے ڈاکٹرز کو فوری طور پر طلب کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، جاں بحق والوں میں خاتون اور 3 بچے شامل ہیں۔جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 25 سالہ ریشماں، 5 سالہ اسد، 6 سالہ عرفان اور 7 سالہ افشاں کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ حادثے میں شدید زخمیوں کو طبی امداد کے بعد ایدھی ایمبولینس کے ذریعے کراچی روانہ کیا گیا۔

بس میں سوار تمام افراد کا تعلق اورنگی ٹاؤن کراچی سے بتایا جارہا ہے جو درگاہ پر حاضری کے بعد پکنک منانے کے لیے کینجھر جھیل جا رہے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں