کوئٹہ بم دھماکے کے بعد لاہور کیلئے الرٹ جاری

لاہور (ڈیلی اردو) کوئٹہ بم دھماکے کے بعد لاہور کیلئے الرٹ جاری کر دیا گیا۔ لاہور کے تمام عوامی مقامات اور شاہراہوں کی سیکورٹی مزید سخت کرنے کا حکم دے دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ہونے والے بم دھماکے کے بعد پنجاب کے دارالحکومت لاہور کی سیکورٹی بھی سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق لاہور کی سیکورٹی سخت کرنے کیلئے الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو شہر بھر کی شاہراہوں، عوامی مقامات اور آبادیوں میں پیٹرولنگ بڑھانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

لاہور شہر کی پیٹرولنگ پولیس اور ڈولفن پولیس کو خاص ہدایت کی گئی ہے وہ مسلسل متحرک رہیں اور علاقوں کی پیٹرولنگ جاری رکھیں۔ لاہور شہر کے داخلی اور خارجی راستوں کی بھی سخت نگرانی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ منگل کی شب کو کوئٹہ کے مشہور باچا خان چوک میں سٹی تھانے کے قریب دھماکہ ہوا۔ دھماکے کے نتیجے میں افسوسناک حد تک جانی نقصان ہوا۔ واقعے میں دو پولیس اہلکاروں سمیت 6 افراد شہید اور 32 افراد زخمی بھی ہوئی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ یہ ایک بم دھماکہ تھا جو ریموٹ کنٹرول کے ذریعے کیا گیا، جس میں پولیس موبائل کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔ بم ایک موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔

دھماکے کی ذمہ داری کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان نے قبول کرلی ہے۔ دھماکے کے بعد صوبائی حکومت اور وفاقی حکومت نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ جبکہ اپنی جان قربان کرنے والوں کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا گیا

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں