لاہور (ڈیلی اردو/ نیوز ایجنسی) ادویات کی قیمتوں میں 35 سے 200 فیصد تک اضافے کے خلاف قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی گئی۔
قرارداد مسلم لیگ (ن) کی رکن اسمبلی اسوہ آفتاب کی جانب سے جمع کرائی گئی ہے، قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ادویہ ساز کمپنیوں نے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کے ایس آر او کی دھجیاں اُڑا دی ہیں۔
ادویہ ساز کمپنیوں نے ادویات کی قیمتوں میں 35 سے 200 فیصد تک اضافہ کردیا ہے، قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ ادویات کی قیمتوں میں من مرضی کا اضافہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کے اختیارات کو چیلنج کرنے کے مترادف ہے۔
کھانے پینے کی اشیاء پہلے ہی عام آدمی کی پہنچ سے دور ہو چکی ہیں۔ حکومت اب مریضوں کیلئے بھی وبالِ جاں بن چکی ہے، قرارداد میں ادویات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے پرانی قیمتیں بحال کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔