اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر کلسٹر بم والی صورتحال کسی صورت بھی قبول نہیں کی جاسکتی، بھارت مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت بدل کر اپنا صوبہ بنانے کی سازش کر رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صورتحال بگڑنے کی ابتدا لائن آف کنٹرول پر فائرنگ سے ہوئی، کشمیری کسی بھی جماعت سے تعلق رکھتے ہوں نئے آرٹیکل کے خلاف ہیں۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ بھارت پر جس طرح عالمی دباؤ آیا ہے نریندر مودی بوکھلا گئے ہیں، کلسٹر بم والی صورتحال تو کسی صورت بھی قبول نہیں کی جاسکتی۔ مجھے لگتا ہے کہ صورتحال مزید خراب ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت بدل کر اپنا صوبہ بنانے کی سازش کر رہا ہے، پاکستان مخالف سیاست دان بھی دہلی سرکار کے خلاف ہوگئے ہیں۔ آرٹیکل 317 اے کو چھیڑا گیا تو صورتحال بالکل ہی بگڑ جائے گی۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی حکومت کی طرف سے انسانی حقوق کی پاسداری کبھی سامنے نہیں آئی، انتہا پسندوں کی طرف سے مسلمانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ بھارتی حکومت کی طرف سے انسانی حقوق کی پاسداری کی توقع عبث ہے۔
خیال رہے کہ بھارت کی جانب سے ایل او سی پر شہریوں کو نشانہ بنانے کے لیے کلسٹر ٹوائے بم کے استعمال کا انکشاف ہوا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج نے 30 اور 31 جولائی کو وادی نیلم میں کلسٹر ٹوائے بم سے آبادی کو ٹارگٹ کیا، کلسٹر ٹوائے بم سے 4 سال کے بچے سمیت 2 شہری شہید اور 11 زخمی ہوئے تھے۔