مظفر آباد (ڈیلی اردو) پاکستان کے زیر اہتمام حکومت آزاد کشمیر نے بھارت کی جانب سے کنٹرول لائن پر ممکنه جارحیت کے پیش نظر ایل او سی کےقریب بسنے والے دفاعی کمیٹیوں کے اراکین کیلئے غیر ممنوعہ اسلحہ کی اجرائیگی اور تجدید فیس معاف کرنے کی منظوری دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر حکومت کے محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق آزاد کشمیر میں کنٹرول لائن کے قریب پانچ کلو میٹر کی حدود میں بسنے والے دیہی دفاعی کمیٹیوں کے اراکین کو اسسٹنٹ کمشنر اور ایس ایچ او کی تصدیق پر غیر ممنوعہ بور کے اسلحہ کا لائسنس جاری کیے جائیں گے اور انھیں لائسنس کی اجرائیگی اور تجدید فیس سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔
حکومت آزاد کشمیر کے اس فیصلے کے نتیجہ میں کنٹرول لائن کے قریبی علاقوں میں قائم دیہی دفاعی کمیٹیاں فعال ہونے کے ساتھ ساتھ بھارتی فوج کی جانب سے کی جانے والی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے اور بھارت کے مکروہ عزائم کو ناکام بنانے میں مدد ملے گی۔