اپر کوہستان: فوجی ایمبولینس دریاء میں گر گئی، کیپٹن سمیت 4 اہلکار شہید

اپردیر (ڈیلی اردو) خیبرپختونخوا کے ضلع اپر کوہستان میں پاک فوج کا ایمبولینس دریاء میں گرنے سے کیپٹن سمیت 4 اہلکار شہید ہوگئے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ضلع کوہستان کے مطابق حادثہ آج داسو کے قریب شاہراہ قراقرم پر پیش آیا جہاں فوجی ایمبولینس ڈرائیور سے بے قابو ہوکر دریا میں جاگرا جس کے نتیجہ میں ایک کیپٹن اور 3 جوان شہید ہو گئے۔

پاک فوج کا کانوائے گلگت بلتستان جارہا تھا، ایمبولینس میں کیپٹن صہیب، ڈرائیور افضل، سپاہی علی اور سپاہی عبدالسلام سوار تھے۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا کے صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے اپر کوہستان میں فوجی ایمبولنس دریا میں گرنے اور ایک کیپٹن سمیت 4 جوانوں کی  قیمتی جانیں ضائع ہونے پر شدید افسوس اور غم کا اظہار کیا ہے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، اس ضمن میں اپرکوہستان کی انتظامیہ کو ہدایت  کی گئی ہے کہ وہ ایمبولنس اور لاشوں کی تلاش میں پاک فوج سے بھرپور تعاون کرے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی شہدا کو جنت الفردوس میں اعلی مقام اور غمزدہ خاندانوں کو یہ نا قابل تلافی نقصان برداشت کرنے کی ہمت عطا کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں