مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے سے بھارت بے نقاب ہوگیا: صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان

مظفر آباد (ڈیلی اردو) صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے سے بھارت بے نقاب ہوگیا، بھارت 70 سال سے مقبوضہ کشمیر پر قابض ہے۔

صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے مزید کہا کہ بھارتی اقدام سلامتی کونسل کی قرارداد 91، 122 کی کھلی خلاف ورزی ہے، آرٹیکل 370 ، 35 اے کے خاتمے کا تحریک آزادی پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، آرٹیکل 370 بھارت نواز جماعتوں کی وفاداریاں خریدنے کے لیے بنایا گیا تھا۔

سردار مسعود خان نے مزید کہا کہ بھارت کو پاکستان کےخلاف بھی جارحانہ اقدامات سے روکنا ہوگا۔ دفتر خارجہ عالمی فورمز پر بھرپور طریقے سے کشمیر کا معاملہ اٹھا رہا ہے، بھارت کسی صورت کشمیریوں سے حق خودارادیت نہیں چھین سکتا۔

واضح رہے کہ بھارتی صدر نے مقبوضہ کشمیر کی 4 نکاتی ترامیم پر دستخط کر دیئے جس کے بعد بھارتی آئین میں مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم ہو گئی۔

صدارتی حکم نامہ جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق مقبوضہ جموں کشمیرکی علیحدہ قانون سازاسمبلی ہوگی، لداخ کو مقبوضہ کشمیر سے الگ کر دیا گیا۔

بھارتی صدر نے گورنر کا عہدہ ختم کر دیا اور اختیارات کونسل آف منسٹرز کو تفویض کر دیئے، کالے قانون میں مقبوضہ جموں کشمیر آج سے بھارتی یونین کاعلاقہ تصور ہو گا، کالے قانون میں مقبوضہ جموں کشمیر اب ریاست نہیں کہلائے گی۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں