اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے اپنے ملائیشیا کے ہم منصب اور ترکی کے صدر سے ٹیلی فون پر الگ الگ گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں غیر قانونی اقدام سے خطے میں امن و سلامتی کی صورتحال مزید خراب ہو گی۔
وزیراعظم نے ملائیشیا کے ہم منصب ڈاکٹر مہاتیر محمد سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر کی حیثیت کے بارے میں بھارت کا اعلان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
عمران خان نے ترکی کے صدررجب طیب اردوان سے بھی ٹیلی فون پرگفتگو کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے ان کے حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد میں پاکستان کی سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت کااعادہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو تبدیل کرنے کے بارے میں کسی بھی قسم کے غیرقانونی بھارتی اقدام سے علاقائی امن اور سلامتی کیلئے سنگین نتائج برآمد ہونگے